خلاصہ
- کراچی: (دنیا نیوز) شہر قائد میں میٹرک کے سالانہ امتحانات کی تاریخوں کا اعلان کر دیا گیا۔
شیڈول کے مطابق کراچی میں میٹرک سالانہ امتحانات 7 اپریل سے 2 مئی تک ہوں گے، کراچی ڈویژن میں 3 لاکھ 85 ہزار سے زائد طلبہ امتحانات میں شریک ہوں گے۔
شہر بھر میں 530 امتحانی مراکز قائم کیے جائیں گے، امتحانی مراکز کے اطراف دفعہ 144 نافذ کر دی گئی، غیر متعلقہ افراد کے امتحانی مراکز میں داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی۔
امتحانی مراکز کے 200 گز کے دائرے میں اجتماع، موبائل فون اور دیگر الیکٹرانک ڈیوائسز کے استعمال پر مکمل پابندی لگا دی گئی۔
نقل کی روک تھام کے لیے فوٹو کاپی مشینوں کے استعمال پر بھی پابندی ہو گی، امتحانی عملے اور امیدواروں کو ایڈمٹ کارڈ کے ساتھ داخلے کی اجازت ہو گی۔
اسلحہ کی نمائش اور لے جانے پر بھی پابندی لگا دی گئی، دفعہ 144 کا نفاذ 7 اپریل سے 2 مئی تک جاری رہے گا، خلاف ورزی پر دفعہ 188 کے تحت کارروائی کی جائے گی۔
ایس ایچ اوز کو خلاف ورزی پر مقدمہ درج کرنے کا اختیار دے دیا گیا، امتحانات شفاف اور پرامن بنانے کے لیے سخت اقدامات کئے گئے ہیں۔