فٹبال ورلڈ کپ: بیلجیئم نے انگلینڈ کو ہرا کر تیسری پوزیشن حاصل کر لی

Last Updated On 14 July,2018 09:57 pm

سینٹ پیٹرز برگ: (دنیا نیوز) بیلجیم نے انگلینڈ کی ٹیم کو دو گول سے شکست دے کر فٹ بال ورلڈ کپ میں تیسری پوزیشن حاصل کر لی ہے۔ پہلی اور دوسری پوزیشن کے لیے فائنل میں اتوار پندرہ جولائی کو کھیلا جائے گا۔

روس میں جاری ورلڈ کپ میں تیسری پوزیشن کے مقابلے میں بیلجیئم نے انگلینڈ کو یکطرفہ مقابلے کے بعد دو صفر سے شکست دی۔ بیلجیئم کی جانب سے پہلا گول چوتھے منٹ میں میونائر نے کیا جب کہ دوسرا گول کپتان ہیزارڈ نے اسکور کیا۔ یہ بیلجیئم کی جانب سے فٹبال کے عالمی مقابلے میں بہترین کارکردگی ہے۔ فٹ بال ورلڈ کپ کا فائنل کل فرانس اور کروشیا کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔

دوسری جانب فٹ بال کھیل کے نگران ادارے نے انگلش ٹیم کو ورلڈ کپ کے دوران قواعد و ضوابط کے منافی عمل کرنے پر تقریباً ستر ہزار ڈالر کا جرمانہ عائد کیا ہے۔ دوران میچ انگلش ٹیم کے کھلاڑیوں نے منظور شدہ جرابیں نہیں پہنی ہوئی تھیں۔ یہ جرابین انگریز ٹیم نے سویڈن کے خلاف پہنی ہوئی تھیں۔ دوسری جانب فیفا نے انگلش فٹ بال ایسوسی ایشن کو متنبہ کیا ہے کہ وہ اپنے شائقین کو دوران میچ سیاسی نعرہ بازی سے منع کرے۔