نجم سیٹھی کیخلاف تحقیقات، تحریکِ انصاف کا نیب کو خط

Last Updated On 10 August,2018 04:52 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) تحریکِ انصاف نے نجم سیٹھی کیخلاف تحقیقات کیلئے قومی احتساب بیورو (نیب) کو خط لکھ دیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین پی سی بی کیخلاف انکوائری کی جائے تو بڑی کرپشن سامنے آئے گی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی کیخلاف یہ خط پی ٹی آئی رہنما جاوید بدر کی جانب سے لکھا گیا ہے جس میں نیب سے تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ نجم سیٹھی نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں بے پناہ کرپشن کی۔ اس لیے وہ پی ایس ایل آڈٹ رپورٹ منظرِ عام پر نہیں آنے دے رہے، نجم سیٹھی کو آڈٹ رپورٹ پبلک کرنے کیلئے خط بھی لکھا گیا تھا۔

جاوید بدر نے اپنے خط میں نیب سے درخواست ہے کہ پی ایس ایل کا سارا فناشل ریکارڈ فوری قبضے میں لیا جائے۔ نیب اگر نجم سیٹھی اور پی سی بی کیخلاف انکوائری کرے تو بڑی کرپشن کے سامنے آئے گی۔ خط میں یہ الزام بھی عائد کیا گیا ہے کہ بطور چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی پی ایس ایل کو کامیاب کرنے میں بھی ناکام رہے۔