یورپی فٹبال کی گورننگ باڈی کے سابق صدر میشیل پلاٹینی کو رہا کر دیا گیا

Last Updated On 21 June,2019 01:50 pm

لندن: (ویب ڈیسک) یورپی فٹ بال کی گورننگ باڈی کے سابق صدر میشیل پلاٹینی کو رہا کر دیا گیا ہے۔

برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق فرانسیسی پولیس نے گزشتہ روز 2022ء میں قطر میں ہونے والے فٹ بال ورلڈ کپ کے حوالے سے سوالات کے لیے تحویل میں لیا تھا۔ 63 سالہ سابق فرانسیسی کپتان کو ایسے الزامات کا سامنا ہے کہ انہوں نے قطر کو 2022ء کے فیفا ورلڈ کپ کی میزبانی دینے میں کردار ادا کیا تھا جس کی گزشتہ دو سال سے تفتیش جاری ہے۔

فرانس کے سابق مڈل فیلڈر کھلاڑی اور تین مرتبہ بالون ڈی اور کے فاتح کھلاڑی میشیل پلاٹینی اپنے اوپر لگنے والے الزامات کی تردید کرتے رہے، رہائی کے بعد ان کا کہنا تھا مجھ سے سوالات کیے گئے جو طویل ہو سکتے تھے۔

میشیل پلاٹینی کے وکیل کا کہنا تھا کہ میرے مؤکل نے کوئی ایسا کام نہیں کیا جو غلط ہو، وہ اپنے مستقبل کے حوالے سے کافی پر امید ہیں۔ پلاٹینی کو حراست میں نہیں لیا گیا بلکہ ن سے پوچھ گچھ کی گئی ہے، جتنے سوال پوچھے گئے ان کے جواب دے دیئے گئے ہیں۔

یاد رہے کہ 2022ء کے ورلڈکپ کے لیے قطر نے 2010ء کے دوران بولی جیتی تھی، اس بولی میں قطر نے جاپان، امریکہ، آسٹریلیا اور ساؤتھ کوریا کو ہرایا تھا۔