لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان اور بھارت کے درمیان مسئلہ کشمیر پر جاری کشیدگی کے بعد انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن نے سکیورٹی خدشات کے باعث آئندہ ماہ ہونے والا ڈیوس کپ ملتوی کر دیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کیے جانے کے بعد پاکستان اور بھارت میں شدید کشیدگی جاری ہے، عالمی میڈیا میں خبروں کے بعد اس گونج انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن تک پہنچ گئی جس کے بعد فیڈریشن نے فیصلہ کیا ہے کہ آئندہ ماہ ہونے والا ڈیوس کپ منسوخ کر دیا جائے۔
The ITF has issued the following statement regarding the Davis Cup Asia/Oceania Group I tie between Pakistan and India. pic.twitter.com/vLVtC0Cwik
— ITF Media (@ITFMedia) August 22, 2019
آئی ٹی ایف حکام کی طرف سے کہا گیا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کے بعد عالمی ایڈوائزر کی جانب سے تجویز ملنے کے بعد ایونٹ کو منسوخ کیا ہے، آئندہ 14 اور 15 ستمبر کو ہونے والے مقابلوں کے لیے نئی تاریخ کا اعلان بھی کر دیا گیا ہے۔
انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن کا کہنا ہے کہ اب یہ مقابلے نومبر میں ہوں گے جس کے لیے مقررہ تاریخ کا اعلان 9 ستمبر کے بعد کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن کی سکیورٹی ٹیم نے پاکستان، بھارت کےدرمیان اسلام آباد میں ڈیوس کپ ٹائی کے لیے گرین سگنل دیا تھا۔ ایشیا اوشیانا ڈیوس کپ زون ون میں 14 اور 15 ستمبر کو پاکستان نے بھارتی ٹینس ٹیم کی میزبانی کرنی تھی۔
اس سلسلے میں پاکستان کے دورے پر آنے والی آئی ٹی ایف کی جائلز اگنس اور رچرڈ سائمن پر مشتمل 2 رکنی ٹیم نے پاکستان سپورٹس کمپلیکس اسلام آباد کا دورہ بھی کیا اور دستیاب سہولیات کا جائزہ لیا۔ ٹینس فیڈریشن کے صدر سلیم سیف اللہ نے وفد کو سکیورٹی پلان پر بریفنگ دی تھی۔ مہمان وفد نے بھی ملکی حالات اور انتظامات کو تسلی بخش قرار دیا تھا۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان ڈیوس کپ ٹینس کے ان میچوں میں پہلی بار ہوک آئی ٹیکنالوجی بھی استعمال کی جانی تھی۔ 55 سال بعد بھارٹی ٹیم نے ڈیوس کپ ٹائی میں شرکت کے لیے پاکستان آنا تھا۔ 13 سال پہلے پاکستانی ٹیم نے بھارت جاکر ڈیوس کپ ٹائی میں شرکت کی تھی جہاں مقابلہ 2-2 سے برابر ہونے کے بعد فیصلہ کن میچ میں لینڈر پیش کے ہاتھوں عقیل خان کو شکست ہوئی تھی۔
پاکستان کی طرف سے منسوخ والے ایونٹ کیلئے ٹیم کا اعلان بھی کیا تھا۔ 5 رکنی ٹیم میں اعصام الحق،عقیل خان، محمد عابد مشتاق، مزمل مرتضی اور مدثر مرتضی شامل تھے۔ مصحف ضیا کو نان پلینگ کپتان مقرر کیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق آل انڈیا ٹینس ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل ہیرونموئے چیٹرجی نے بھی ٹیم پاکستان بھیجنے کی تصدیق کی تھی اور کہا تھا کہ پاکستان جائیں گے کیونکہ یہ ٹینس کا ورلڈ کپ ہے، کوئی دوطرفہ سیریز نہیں، اس لیے ٹیم بھیجنے پر کوئی پابندی نہیں۔