ایک اور فائٹ: سکاٹ لینڈ کے سر سبز پہاڑوں پر محمد وسیم کی تیاریاں جاری

Last Updated On 04 November,2019 06:05 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستانی باکسر محمد وسیم کی ایک اور فائٹ کے لیے سکاٹ لینڈ میں تیاریاں جاری ہیں، سکاٹ لینڈ کے سر سبز پہاڑوں پر سائیکلنگ چلانے لگے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کے باکسر محمد وسیم کی اگلی منزل دبئی میں ہونے والی فائٹ ہے جس کے لیے وہ ان دنوں سکاٹ لینڈ میں تیاریاں کر رہے ہیں، تیاریوں کے دوران سکاٹ لینڈ کے سر سبز پہاڑوں پر سائیکلنگ چلانے میں مصروف ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: اگلی فائٹ کی تیاری کا عزم لیے باکسر محمد وسیم سکاٹ لینڈ روانہ

دوران ٹریننگ پاکستانی سپر سٹار کا کہنا تھا کہ سائیکل چلانے سے گھٹنے اور ٹانگیں مضبوط ہوتی ہیں، میکسیکن فائٹر کو شکست دیکرپاکستان کیلئے کامیابی حاصل کرناچاہتا ہوں، ورلڈ باکسنگ کونسل کا ورلڈ ٹائٹل بھی جیتنے کے لئے پر عزم ہوں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے پاکستانی باکسر کا کہنا تھا کہ اس سے بہتر کوئی احساسات نہیں ہو سکتے کہ میں اپنے ملک کی نمائندگی کروں۔

 

سوشل میڈیا کی مشہور ویب سائٹ ٹویٹر پر انہوں نے مزید کہا تھا کہ میں اپنے ملک کا پرچم ہمیشہ بلند کرتا رہوں گا۔ انشاء اللہ۔

یاد رہے کہ پاکستانی باکسر دنیا بھر میں ملک کا نام روشن کر رہے ہیں، اس عرصے کے دوران انہوں نے متعدد ٹائٹلز اپنے نام کیے ہیں جبکہ گزشتہ دفعہ ٹائٹل جیتنے کے بعد جب وہ واپس پاکستان پہنچے تو ان کا استقبال کسی نے نہ کیا تو کھلاڑی ٹیکسی پر بیٹھ کر گھر روانہ ہوئے اس دوران متعدد پاکستانیوں نے شدید رد عمل دیا تھا۔

انہوں نے دبئی میں پروفیشنل باؤٹ میں فلپائنی باکسر کو پچھاڑا تھا۔ فائنل میں فلپائنی باکسر کونراڈوسور کو محض 82 سیکنڈ میں ناک آؤٹ کرکے اعزاز اپنے نام کیا تھا۔ محمد وسیم نے باکسنگ چیمپیئن جیتنے کے بعد کامیابی کو مقبوضہ کشمیر کے عوام کے نام کیا تھا۔

ایئرپورٹ پر بات چیت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ میں نے ملک اور قوم کے لیے محنت کی، دبئی میں مقابلے سے قبل افریقی مدمقابل سے بھی مقابلہ جیتا تھا، مزید مقابلے بھی جیت کر تاریخ رقم کروں گا اور اپنے ملک کا نام روشن کرتا رہوں گا، ٹاپ 5میں آکر ورلڈ ٹائٹل کے لیے مقابلہ کروں گا، پاکستان میں ورلڈ ٹائٹل میچ کے لیے کوشش کررہا ہوں گا۔