انگلش پریمیئر لیگ: نوٹنگھم فاریسٹ اور بورن ماؤتھ اپنے میچز میں فاتح

Published On 03 April,2024 11:28 am

لندن : (ویب ڈیسک ) انگلش پریمیئر فٹ بال لیگ میں نوٹنگھم فاریسٹ اور بورن ماؤتھ کی ٹیموں نے اپنے اپنے میچز جیت لئے۔

انگلش پریمیئر لیگ کے 32 ویں سیزن کے انتہائی دلچسپ اور کانٹے دار مقابلوں کا سلسلہ انگلینڈ میں جاری ہے۔

نوٹنگھم فاریسٹ اور فلہم کی ٹیموں کے درمیان دی سٹی گراؤنڈ نوٹنگھم شائر میں کھیلے گئے میچ میں نوٹنگھم فاریسٹ کی ٹیم کے کالم ہڈسن اوڈوئی نےنویں منٹ میں ایک گول کر کے اپنی ٹیم کو فلہم کے خلاف 0-1 گول کی برتری دلا دی ۔

نوٹنگھم فاریسٹ کی ٹیم میچ کے آغاز سے ہی فلہم پر حاوی ہوگئی،نوٹنگھم فاریسٹ کے کرس ووڈ نے میچ کے 19 ویں منٹ میں ایک گول کر کے برتری کو بڑھاتے ہوئے 0-2 کر دیا جس کے بعد مورگن گبزوائٹ نے پہلا ہاف ہونے سے چند لمحات قبل 45 ویں منٹ میں ایک گول کر کے مقابلہ 0-3 کر دیا۔

یوں میچ کے پہلے ہاف پر نوٹنگھم فاریسٹ کو فلہم کے خلاف 0-3 گول کی برتری حاصل تھی۔

دوسرے ہاف کے چوتھے اور میچ کے 49 ویں منٹ پر فلہم کے توسین ادارابیونے ایک گول کر کے مقابلہ 1-3 کر دیا، جو میچ کے اختتام تک برقرار رہا یوں نوٹنگھم فاریسٹ نے میچ میں فلہم کی ٹیم کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے ہرا دیا۔

وائٹلٹی سٹیڈیم بورن ماؤتھ کے مقام پر کھیلے گئے میچ میں بورن ماؤتھ اور کرسٹل پیلس کی ٹیمیں آمنے سامنے تھیں جس میں بورن ماؤتھ کی ٹیم نے سخت مقابلے کے بعد کرسٹل پیلس کی ٹیم کو 0-1 گول سے ہرا دیا۔

بورن ماؤتھ کے جسٹن کلویورٹ نے میچ کے 79 ویں منٹ میں ایک گول کر کے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔

آج مزید تین میچز اور کھیلے گئے جو 1-1 گول کی برابری پر ختم ہوگئے۔

سینٹ جیمز پارک،نیو کیسل کے مقام پر نیو کیسل یونائیٹڈ اور ایورٹن کی ٹیمیں آمنے سامنے تھی جو 1-1 گول سے برابر رہا۔

برنلے اور وولور ہیمپٹن کی ٹیموں کے درمیان میچ ٹرف مور، برنلے میں کھیلا گیا جو 1-1 گول سے برابری پر ختم ہوگیا، اسی طرح لندن سٹیدیم ،لندن کے مقام پر ویسٹ ہیم یونائیٹڈ اور ٹوٹنہم ہاٹ پور کی ٹیمیں پنجہ آزما تھیں یہ میچ بھی 1-1 گول سے برابررہا۔