چین میں روبوٹس نے پولیس اہلکاروں کی ذمہ داریاں سنبھال لیں

Last Updated On 09 May,2019 03:51 pm

بیجنگ: (روزنامہ دنیا) دور جدید میں روبوٹس کا استعمال کئی شعبوں میں بے حد عام ہو گیا ہے، چین میں پولیس اہلکاروں کی جگہ اب روبوٹس ڈیوٹی سر انجام دے رہے ہیں جو نہ صرف جرائم پر قابو پائیں گے بلکہ ٹریفک کی روانی قائم رکھنے جیسے دیگر کاموں میں بھی مددگار ثابت ہوں گے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق روبوٹس نے جہاں انسانوں کے بہت سے کام اپنے سر لے لئے ہیں وہیں چین میں روبوٹس نے پولیس اہلکاروں کی ذمہ داریاں بھی سنبھال لی ہیں۔ چین کے صوبے فیوجیان کے شہر فوزوہو میں پولیس کی جانب سے ژیاؤن نامی پولیس روبوٹ متعارف کروایا گیا ہے۔

یہ روبوٹ، مشین ہونے کے سبب ان خطرات سے پاک ہے جو انسانوں کے سر پر ہر وقت منڈلاتے رہتے ہیں، ملزموں سے دو بدو مقابلے کے دوران فائرنگ سے انسانی ہلاکتوں کا خدشہ رہتا ہے جو اس روبوٹ کے سبب اب نہیں ہو گا، پولیس ڈیپارٹمنٹ کے زخمیوں کی طبی امداد سمیت دیگر اخراجات میں بھی خاصی کمی آئے گی۔
اس روبوٹ کی سب سے اہم بات اس کا ایک وقت میں مختلف کام سر انجام دینا ہے جو انسان نہیں کر سکتا۔ یہ روبوٹ نہ صرف پولیس آفیسرز کے فرائض انجام دیگا بلکہ ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے، سیاحوں کی رہنمائی سمیت قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں پر نظر بھی رکھے گا۔