دل اور رگوں کے زخم صرف 20 سیکنڈ میں بند کرنے والی گوند تیار

Last Updated On 15 May,2019 03:22 pm

بیجنگ: (ویب ڈیسک) دل کے آپریشن کے دوران رگوں سے بہتا خون انسانی زندگی کیلئے خطرناک ثابت ہو سکتا ہے جسے فوری بند کرنا ضروری ہے، ماہرین نے اب اس اہم کام کیلئے ایک انوکھی گوند بنائی ہے جو صرف 20 سیکنڈ میں زخم سے خون کے بہاو کو روک دیتی ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ گوند کسی بھی پھسلن والی سطح پر لگائی جائے اور اس پر الٹراوائلٹ روشنی ڈالی جائے تو یہ چند سیکنڈز میں جم جاتی ہے، چین سے تعلق رکھنے والے ماہرین کے مطابق اس گوند کو فی الحال خرگوشوں اور خنزیروں پر آزمایا ہے اور اچھے نتائج کا حامل پایا ہے۔

مزید تجربات کے طور پر ماہرین نے جگر کے زخم پر گوند کو لگایا تو اسے بھی بھرنے میں کامیاب ہو گئے، اگلے تجربے میں سور کے دل میں موجود سوراخ کو بھی ختم کر دیا گیا۔

جب گوند کا خرگوش پر تجربہ کیا گیا تو اس کے جگر کا زخم اور کٹی ہوئی شریان بھی کامیابی سے بند ہو گئی۔ ماہرین کا مزید کہنا ہے کہ اگر اس میں معمولی تبدیلی کی جائے تو یہ بلڈ پریشر برداشت کرنے کے علاوہ شریان، دل کی اندرونی و بیرونی دیوار پر دباو کو بھی برداشت کر سکتی ہے۔

 

Advertisement