فیس بک کی کرنسی لبرا پر جرمن حکومت کو تشویش

Last Updated On 17 July,2019 01:24 pm

برلن: (ویب ڈیسک) جرمنی کی حکومت اور مرکزی بینک نے سوشل میڈیا کی مشہور ویب سائٹ فیس بک کی کرنسی لبرا کے متبادل کرنسی کے طور پر استعمال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس کے انسداد پر غور شروع کر دیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق جرمن حکومت اور مرکزی بینک نے فیس بک کی کرنسی لبرا کے متبادل کرنسی کے طور پر استعمال کے انسداد پر غور کرنا شروع کر دیا ہے۔ یہ رپورٹ اخبار بلڈ نے جاری کی ہے۔

جرمن اخبار کے مطابق وزارت خزانہ نے لبرا ڈیجیٹل کرنسی کے متعارف کرانے پر تشویش کا اظہار کیا ہے تاہم وزارت خزانہ نے اخباری رپورٹ پر کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا۔

یاد رہے کہ فیس بک نے ڈیجیٹل کرنسی لبرا کوائن متعارف کرانے کا اعلان کیا تھا، لبرا کرنسی کو واٹس ایپ، میسنجر کے ذریعے منتقل کیا جا سکے گا، کرنسی 2020ء تک عام عوام کیلئے دستیاب ہو گی۔ اس سہولت سے ایک ارب سے زائد بینک اکاؤنٹ نہ رکھنے والے افراد فائدہ اُٹھا سکیں گے۔

فیس حکام کا کہنا ہے کہ کرنسی اگلے برس سے عوام کے لئے دستیاب ہو گی۔ لبرا کو واٹس ایپ اور میسنجر کے ذریعے ایک جگہ سے دوسری جگہ آسانی سے منتقل کیا جا سکے گا، انتظامیہ کا کہنا تھا کہ لوگ نہ ہونے کے برابر معاوضے پر رقم بھیجنے اور وصول کرنے کی سہولت حاصل کریں گے جس پر انتہائی معمولی کمیشن لیا جائے گا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اگلے مرحلے میں لبرا آف لائن ادائیگی مثلا بل بھرنے، سودا خریدنے اور عوامی ٹرانسپورٹ میں سفر کے لیے بھی استعمال ہو گی۔ اس کی پشت پر ویزا اور ماسٹر کارڈ جیسے ادارے ہیں جبکہ ای بے، اسپوٹیفائی اور اوبر نے مستقبل میں اس طریقے سے رقم کی ادائیگی کو قبول کرنے کا عندیہ ہے۔
 

Advertisement