انگلینڈ میں دانتوں کا علاج کرانے کیلئے موبائل فون ایپ متعارف

Last Updated On 26 September,2019 03:50 pm

لندن: (روزنامہ دنیا) دانتوں کی بیماریوں کے بارے میں جاننے اور ان کاعلاج کرنے کیلئے موبائل فون ایپ متعارف کرا دی گئی۔ برطانیہ میں متعارف کرائی گئی ٹوتھ فیری نامی ایپ سے مریض گھر بیٹھے ویڈیوکال پر ڈاکٹر کو دانتوں کاچیک اپ کروا سکے گا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق برطانیہ میں دانتوں کے ڈاکٹر سے ملاقات کیلئے کئی کئی دن انتظار کرنا پڑتا ہے، اس دوران مریض کو اگر دانت میں درد ہو رہا ہو تو اسے تکلیف میں وہ دن گزارنے پڑتے ہیں۔ بعض اوقات تو اس شخص کے دانت کی تکلیف زیادہ پیچیدہ صورتحال اختیار کر لیتی ہے اور وہ اس انتظار کے سبب مزید مصیبت کا شکار ہو جاتا ہے۔ 

ماہرین نے اس کا ایک حل نکالا ہے کہ موبائل فون ایپ کے ذریعے مریض فوری دانتوں کے ڈاکٹر سے رابطہ کر پائے گا۔ اسے نہ صرف بروقت اپنے مسئلے کی درست تشخیص میں مدد ملتی ہے بلکہ وہ بغیر ہسپتال کے چکر لگائے اپنے مسئلے کا حل بھی جان لیتا ہے۔