ریاض: (ویب ڈیسک) دنیا بھر میں جیسے جیسے ٹیکنالوجی کی جدت بڑھتی جا رہی ہے ہر طرف انقلاب برپا ہورہا ہے، چند سال قبل روبوٹ سے روز مرہ کے معمول کے کام لیے جاتے تھے تاہم اسی حوالے سے ایک حیران کن خبر نے سب کو ورطہ حیرت میں ڈال دیا ہے، یہ خبر سعودی عرب سے آئی ہے، جہاں پر گھٹنوں کے آپریشن کے لیے روبوٹک پروگرام متعارف کروا دیا گیا، گھٹنوں کے آپریشن اب روبوٹ سرانجام دیں گے۔
سعودی ویب سائٹ کے مطابق دارالحکومت ریاض میں سلطان بن عبدالعزیز سینٹر برائے انسانی خدمات کے ماتحت ایڈوانس آپریشن سینٹر نے گھٹنے بدلنے کے لیے خصوصی آپریشن پروگرام متعارف کرا دیا۔
خبر رساں ادارے کے مطابق روایتی آپریشن کے مقابلے میں روبوٹ ٹیکنالوجی نئی، مؤثر اور مریض کے لیے آرام دہ ہے۔ روبوٹ ٹیکنالوجی کی مدد سے آپریشن کا کام تیزی سے انجام پاتا ہے اور آپریشن کے بعد صحت جلد بحال ہوجاتی ہے۔ اس آپریشن سے ہونے والے نقصانات بھی بے حد محدود ہوتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: جنگ سے متاثرہ افغانستان کے ریسٹورنٹ میں روبوٹ سروس پر مامور
مذکورہ روبوٹ ٹیکنالوجی انتہائی ماہر سرجن کا کام انجام دے رہی ہے، اس کی مدد سے آپریشن کی جگہ کا تعین سہ جہتی نظام کے ذریعے ہورہا ہے۔
روبوٹ گھٹنے سے متصل نسیجوں میں باریک بینی سے فرق کرتا ہے جس کی وجہ سے گھٹنے کو آپریشن کے دوران پہنچنے والے نقصان سے تحفظ حاصل ہو جاتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: مہارت سے رگ تلاش کرنے اورخون نکالنے والا روبوٹ ایجاد
روبوٹ گھٹنے کے تلف اجزا جدا کرنے کا کام بھی نہایت نفاست اور باریکی سے انجام دیتا ہے۔
مذکورہ روبوٹ ٹیکنالوجی اپنی نوعیت کی جدید ٹیکنالوجی ہے، گھٹنوں کے جوڑوں کے درد میں مبتلا مریضوں کے آپریشن آئندہ روبوٹ ہی کے ذریعے ہوں گے۔ آپریشنز کے لیے سعودی شہریوں پر مشتمل میڈیکل ٹیم بھی مہیا کی گئی ہے جو عالمی معیار کی ہے۔