کورونا وائرس: ایپل نے معلومات کیلئے کووڈ 19 ایپ ، ویب سائٹ متعارف کروا دی

Last Updated On 28 March,2020 07:42 pm

نیویارک: (ویب ڈیسک) ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے کورونا وائرس سے متعلق تصدیق شدہ معلومات کے لیے کووڈ-19 ایپ اور ویب سائٹ متعارف کرادی۔

عالمی وبا کورونا نے جب سے پوری دنیا میں حملہ کیا تب سے ہی سوشل میڈیا پر اس سے متعلق بہت سے جھوٹی معلومات اور افواہیں گردش کر رہی ہیں، ایسے میں اس کے توڑ کے لیے ایپل کمپنی نے بھی کووڈ 19 ایپ اور ویب سائٹ متعارف کرائی ہے جہاں سے صارفین مصدقہ معلومات حاصل کرسکتے ہیں۔

کمپنی کے مطابق ایپ اور سائٹ سی ڈی سی، کورونا وائرس ٹاسک فورس اور ایف ای ایم اے کے اشتراک سے بنائی گئی ہے جس میں صارفین کے لیے احسن طریقے سے آگاہی اور رہنمائی فراہم کی گئی ہے۔

صارفین ایپل کووڈ-19 کو ایپ سٹور سے حاصل کر سکتے ہیں جب کہ سائٹ کے لیے https://www.apple.com/covid19/ پر کلک کرسکتے ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ ایپ اور سائٹ دونوں پر صارفین رابطہ کرکے اپنے سوالات پوچھ سکتے ہیں، اپنی سکریننگ کرسکتے ہیں اور ساتھ ہی وائرس سے متعلق اہم معلومات، تحقیق اور مطالعہ بھی جان سکتے ہیں۔

ایپل کمپنی کی جانب سے کوشش کی جارہی ہے کہ صارفین ایپ اور سائٹ کے ذریعے حقائق سے آگاہ رہیں، اس پر وائرس سے بچاؤ کے لیے تمام تر احتیاطی تدابیریں بھی تفصیلی بیان کی گئی ہیں۔

ان سب کے علاوہ کمپنی نے یہ یقین دہانی کرائی ہے کہ دونوں کو استعمال کرنے کی صورت میں صارفین کے خصوصی ڈیٹا کی حفاظت کی جائے گی جس میں صارف کا نام اور آئی ڈی وغیرہ شامل ہیں۔