اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستانی سائنسدانوں نے ٹڈی دل کے خاتمے کیلئے ایک ایسا ڈرون تیار کیا ہے جس کے ذرعے فصلوں پر سپرے کیا جا سکے گا۔ وفاقی وزیر فواد چودھری نے اس کامیابی کو سنگ میل قرار دیا ہے۔
اس خاص ڈرون کو وفاقی وزیر برائے سائنس وٹیکنالوجی فواد چودھری کی ہدایت پر نیشنل ریڈیو ٹیلی کمیونی کیشن کارپوریشن نے تیار کیا ہے جسے کامیاب تجربات کے بعد فروخت کیلئے پیش کر دیا گیا ہے۔
یہ ڈرون فصلوں کو ٹڈی دل کے حملوں سے بچانے میں معاون ہوگا۔ اس میں فصلوں پر زہریلی دوا سپرے کرنے کی سہولت ضرور موجود ہے۔ اب کسان کسی بھی جگہ پر باآسانی سپرے کر سکیں گے اور یہ کام دنوں یا گھنٹوں کی بجائے منٹوں میں پایا تکمیل کو پہنچ جائے گا۔
این آر ٹی سی حکام نے مطابق وفاقی وزیر سائنس وٹیکنالوجی نے خاص ہدایت جاری کی تھی کہ یہ ڈرون کم قیمت ہونا چاہیے تاکہ عام کسان اس سے استفادہ حاصل کر سکے۔ اس لیے اس ڈرون کی قیمت مارکیٹ میں دستیاب ڈرونز کی نسبت ایک تہائی ہے۔