’’ڈرابو‘‘، بچوں کو آسانی سے مصوری سکھانے والا روبوٹ

Published On 19 November,2020 01:08 pm

لاس اینجلس: (روزنامہ دنیا) امریکا میں ایک روبوٹ بنایا گیا ہے جوباقاعدہ ڈرائنگ بورڈ اور پین کے ذریعے پیچیدہ ترین تصویر بھی کچھ اس طرح بناتا ہے کہ بچے قلم کی حرکت اور تمام مراحل کی نقل کرکے بہت حد تک تصویر بناسکتے ہیں۔

 میڈیا رپورٹ کے مطابق مصوری کے آسان سبق دینے والے اس روبوٹ کو ’’ڈرابو‘‘ کا نام دیا گیا ہے۔ روبوٹ میں کوئی بھی خاکہ یا سکیچ شامل کیا جا سکتا ہے۔ 

اسی طرح ڈرابو کی ایپ میں شامل لائن آرٹ کا انتخاب بھی کیا جاسکتا ہے، دیکھنے والا ایک کے بعد ایک لائن کو سمجھ کر خود ڈرائنگ کے بنیادی اصول کو بھی سمجھ جاتا ہے، اس دوران والدین بھی بچے کی رہنمائی کرسکتے ہیں۔

کسی بھی عمر کے بچوں کو اس روبوٹ کے ذریعے انتہائی سادہ انداز میں ڈرائنگ سکھائی جا سکتی ہے، آسان ، میانہ اور اعلی درجے کے ڈرائنگ لیول کے ذریعے کوئی بھی اپنی دلچسپی کے مطابق اس روبوٹ کو استعمال کر سکتا ہے۔ اس پراڈکٹ کو 5 افراد کی ٹیم نے تیار کیا ہے جن کا مقصد ڈرائنگ کو مشکل سمجھنے والوں کیلئے انتہائی آسان مراحل کے ذریعے سکھانا ہے۔