خواتین کی ہراسگی کے واقعات میں اضافہ، اسلام آباد پولیس نے ایپ متعارف کروا دی

Published On 23 November,2020 09:36 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) خواتین کی ہراسگی کے واقعات بڑھنے پر اسلام آباد پولیس نے خصوصی ایپ متعارف کروا دی۔ خواتین فوری شکایت درج کروا سکیں گی جس پر سخت ایکشن لیا جائے گا۔

ہراسگی کے واقعات کو روکنے کے اس اقدام کو خواتین سراہتے ہوئے کہتی ہیں کہ اگر خواتین کہیں بھی پریشانی میں مبتلا ہوں گی تو وہ فوری مدد طلب کر سکیں گی۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ بہت مثبت اقدام ہے، بعض اوقات اوباش افراد راہ چلتی خواتین کو فقرے کستے ہیں، طنزیہ اور منفی جملے کہہ جاتے ہیں۔ خواتین نے کہا کہ اب اوباش افراد بھی محتاط رہیں گے کہ سزا ملنے کا ڈر ایسے واقعات روکنے میں مدد دے گا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ان واقعات پر فوری شکایت لینے سے اس ایپ کی افادیت میں اضافہ ہو گا۔

اس ایپ کو متعارف کروانے سے خواتین کو ہراساں کرنے کے واقعات میں کمی واقع ہو گی، اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات کا کہنا ہے کہ خواتین ایسے ناخوشگوار واقعے پر فوری شکایت کریں تو 15 پولیس اہلکار یا مقامی تھانے کی جانب سے فوری مدد کی جائے گی۔