کیا سرچ انجن گوگل کی اجارہ داری ختم ہونے جا رہی ہے؟

کیا سرچ انجن گوگل کی اجارہ داری ختم ہونے جا رہی ہے؟

گوگل کی جی میل کے تخلیق کار ڈویلپر پاؤل بوہائیٹ کے مطابق گوگل سرچ انجنز کی اجارہ داری جلد ختم ہوتی ہوئی نظر آ رہی ہے، انہوں نے کہا کہ آرٹیفیشل انٹیلیجنس سرچ انجن کے نتائج والے صفحات کو ہی ختم کر دے گی جہاں سے سرچ انجنز پیسے بناتے ہیں۔

اپنے ایک ٹوئٹ میں پاؤل بوہائیٹ نے لکھا کہ اگرچہ یہ لوگ بھی آرٹیفیشل انٹیلیجنس پر کام کر رہے ہیں لیکن یہ اپنے کاروبار کے اہم ترین جزو کو پوری طرح تباہ کر کے آرٹیفیشل انٹیلیجنس کو لاگو نہیں کرسکیں گے۔ انہوں نے مزید لکھا کہ شاید گوگل سرچ انجن اپنے خاتمے سے دو، تین سال دور ہے۔

پاؤل بوہائیٹ نے کہا کہ گوگل کی کمائی کا اہم ذریعہ اس کی ایڈورٹائزمنٹ ہیں جہاں ایڈورٹائزر سرچ انجن رزلٹ کے صفحات پر اپنی ایڈورٹائزمنٹ چھاپنے کیلئے اس امید پر ادائیگی کرتے ہیں کہ صارفین ان کے لنک پر کلک کریں گے، آرٹیفیشل انٹیلیجنس پرانے سرچ انجنز اور لنکس کو استعمال کرکے صارفین کے سامنے نتائج ظاہر کرے گی، یہ بالکل ایسا ہی ہے جیسے کسی تحقیق دان انسان سے کام لیا جائے، تاہم آرٹیفیشل انٹیلیجنس وہ کام کسی انسان کے مقابلے میں بہت تیزی سے کر لے گی۔

جی میل بنانے والے ڈویلپر نے کہا کہ بہت سے لوگوں کو یاد ہوگا کہ انٹرنیٹ سے قبل ییلو پیجز ہوا کرتے تھے جسے گوگل نے قتل کر دیا تھا، ایک زمانے میں ییلو پیجز ایک بہت بڑا کاروبار ہوا کرتے تھے لیکن بعد میں گوگل سب کیلئے ایک بہترین ذریعہ بن گیا جس کے بعد لوگوں نے ییلو پیجز کا استعمال ترک کردیا تھا، آرٹیفیشل انٹیلیجنس بالکل یہی کام گوگل سرچ انجن کے ساتھ کرنے جا رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ گوگل خود بھی اپنے آرٹیفیشل انٹیلیجنس پر کام کر رہا ہے اور کمپنی کی جانب سے ایک آرٹیفیشل انٹیلیجنس کمپنی سے کنورزیشنل اور وائیس سرچ کیلئے ڈیپ مائینڈ ٹیکنالاجی کی خریداری عمل میں لائی گئی ہے۔

جی میل کے خالق ڈیولپر پاؤل بوہائیٹ نے کہا کہ میں تو مسلسل اسی بارے میں سوچ رہا ہوں اور سب سے دلچسپ بات یہ دیکھنا ہوگی کہ یہ سب کچھ کس طرح ہوگا اور آرٹیفیشل انٹیلیجنس کس طرح سرچ انجنز کا باب بند کرتی ہے اور سوچ رہا ہوں کہ سرچ انجنز کی جگہ سرچنگ کیلئے کیا کوئی بالکل ہی نیا انٹرفیس آتا ہے یا کچھ اور چیز سامنے آنے والی ہے۔

واضح رہے کہ گذشتہ ہفتےایلون مسک کی کمپنی اوپن اے آی (OpenAI) کی جانب سے چیٹ جی پی ٹی (ChatGPT) کا اجراء کیا گیا جو کہ صارفین کی جانب سے دی گئی تحریری ہدایات پر عمل کرتا ہے، اس سے مضمون لکھوایا جا سکتا ہے، گانوں کے بول، کہانیاں، مارکیٹنگ پچز، سکرپٹ خطوط یہاں تک کہ شاعری بھی لکھوائی جا سکتی ہے۔

چیٹ جی پی ٹی کی پیچیدہ سوالات حل کرنے کی صلاحیت اسے دیگر سرچ انجنز سے منفرد بنا دیتی ہے اور وہ گوگل کی سرچ انجن کی اجارہ داری کو چیلینج کر سکتی ہے۔