موبائل میسج والی ”صبا“ کا فراڈ انگلینڈ پہنچ گیا

Published On 04 Oct 2017 06:46 PM 

پاکستان کے بعد اب برطانیہ میں بھی لوگوں کو موبائل میسج کے ذریعے بے وقوف بنانے کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے۔ پاکستان میں ”صبا“ لوگوں کو میسج بھیج کر تنگ کرتی رہی، برطانیہ میں ”سارہ“ کا نام استعمال کر کے بیلنس حاصل کیا جا رہا ہے۔

لندن: (آن لائن) پاکستان میں موبائل فونز استعمال کرنے والا ہر شہری ”صبا“ نامی لڑکی نے ضرور واقف ہے جو میسج کے ذریعے بیلنس کا تقاضہ کرتی رہتی ہے، اسی طرح شاید ہی کوئی پاکستانی ہو جس کا بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی طرف سے پیسے نہ نکلے ہوں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اب پاکستان کے بعد یہ فراڈ سرحدیں پار کرتا ہوا برطانیہ بھی جا پہنچا ہے جہاں ”سارہ“ نامی مجبور فرضی لڑکی کے ذریعے لوگوں کو بے وقوف بنانے کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے۔ ”سارہ“ کا نام استعمال کر کے لوگوں کو موبائل میسج بھیجے جاتے ہیں اور ان سے اپنی مجبوری ظاہر کر کے 20 پاؤنڈ رقم مانگی جاتی ہے۔

برطانیہ پہنچنے والے اس نئے فراڈ میں ”سارہ“ کہتی ہے کہ اس کی گاڑی کو حادثہ پیش آ گیا ہے اور اسی قسم کے کچھ ملتے جلتے پیغامات ہوتے ہیں، لیکن جیسے ہی کوئی بے وقوف بن کر اس پیغام کا جواب دیتا ہے تو دوسری طرف سے 20 پاؤنڈ کے بیلنس کی درخواست آتی ہے کہ موبائل کارڈ کا نمبر بھیج دیا جائے۔ خبریں ہیں کہ پاکستان کے بعد یہ فراڈ برطانیہ میں اپنے عروج پر پہنچ چکا ہے۔