بیٹے کا ٹیچر سے لگاؤ، حاسد ماں نے استانی کو قتل کرنے کا منصوبہ بنا ڈالا

Last Updated On 29 August,2019 09:32 pm

لندن: (ویب ڈیسک) بیٹے کا سکول کی ٹیچر کیساتھ لگاؤ ماں کو ایک آنکھ نہ بھایا، استانی کو قتل کرنے کا منصوبہ بنا ڈالا جو بر وقت پتہ چل گیا، پولیس نے گرفتار کر کے عدالت پیش کیا جہاں اسے 6 ماہ کی قید سنا دی گئی ہے۔

برطانوی خبر رساں ادارے دی مرر کے مطابق مانچسٹر کی خاتون کا الزام لگاتے ہوئے کہنا تھا کہ بیٹے اور ٹیچر کے درمیان عشق میری فیملی میں دوریاں پیدا کر رہا ہے جس کی وجہ سے ٹیچر کو قتل کرنے کا منصوبہ بنایا۔

خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ قتل کا منصوبہ بنانے والی خاتون کا 5 سالہ بیٹا اپنی ٹیچر کیساتھ روزانہ دیر تک فون پر بات کرتا تھا جس پر بچے کی ماں ٹیچر کے گھر پہنچ گئی، فون اور ای میل پر بھی ٹیچر پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔

خبر رساں ادارے کے مطابق اس دوران جب بیٹے نے اپنی والدہ سے پیسے مانگے کہ میں نے اپنی ٹیچر کیلئے پھول خریدنے ہیں تو والدہ غصے میں آ گئی۔

خاتون کے ٹیچر کو قتل کرنے کے منصوبے کا پتا اس وقت چلا جب بچے کی ماں نے ڈاکٹر کے پاس جا کر منصوبے سے آگاہ کیا کہ وہ خاتون ٹیچر کو قتل کرنا چاہتی ہے کیونکہ وہ سمجھتی ہے کہ جن مسائل اور پریشانی کا سامنا وہ کر رہی ہے اس کی وجہ خاتون ٹیچر اور اس کا رویہ ہے۔

برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق اسی وجوہات کی بنا پر خاتون نے منصوبہ بنایا جس سے خاتون ٹیچر سے چھٹکارا پا کر بچے کو اپنے پاس رکھے۔ اس پر ڈاکٹر نے فوری طور پر یہ بات پولیس کو بتا دی جس پر بچے کی ماں کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیا جہاں خاتون نے منصوبے کا اعتراف بھی کیا۔

اس دوران ٹیچر سے پوچھا گیا کہ کیا آپ کو کوئی ڈر تو نہیں لگ رہا جبکہ ٹیچر نے جواب دیا کہ میں صرف اپنی نوکری کر رہی تھی اور کچھ نہیں۔

برطانوی عدالت نے دلائل سننے کے بعد قتل کا منصوبے بنانے پر خاتون کو 6 ماہ قید کی سزا سنا دی ہے۔