آخری رسومات پر سوگواران کو چرس والا کیک کھلا دیا گیا

Last Updated On 30 October,2019 08:51 pm

برلن: (ویب ڈیسک) جرمنی میں ایک شخص کی آخری رسومات کے بعد سوگواران کو چرس والا کیک کھلا دیا گیا۔

برطانوی خبر رساں ادارے ’’دی گارڈین‘‘ کے مطابق شمالی جرمنی میں مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ ایک شخص کی آخری رسومات کے بعد سوگواران کو غلطی سے چرس والا کیک پیش کیا گیا۔ ویتھاگان میں واقع ریستوران میں کیک کھانے کے بعد آخری رسومات میں شرکت کرنے والے 13 افراد نے متلی اور سر چکرانے کی شکایت کی۔

اس واقعے کے بعد پولیس کی تفتیش سے پتہ چلا کہ ریستوران میں کام کرنے والی عورت کی بیٹی کو کیک بنانے کے لیے کہا گیا تھا۔

برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق 18 سالہ لڑکی نے چرس والا کیک ایک اور موقع کی مناسبت سے بنایا تھا مگر غلطی سے اس کی والدہ کام پر غلط کیک لے گئیں۔

تدفین کے بعد کافی پینے اور کیک کھانے کے لیے باہر جانا ایک جرمن روایت ہے۔ قریبی شہر روسٹاک کی پولیس کا کہنا ہے کہ ملازمہ کی بیٹی سے تفتیش کی جا رہی ہے۔

یہ واقعہ اگست کے آخر میں پیش آیا مگر اسے سوگواران کا خیال رکھتے ہوئے منظر عام پر نہیں لایا گیا۔