الیکٹرک موٹرسائیکل یورپی ملک کیلئے خوفناک قرار

Last Updated On 20 September,2019 03:40 pm

برلن: (ویب ڈیسک) دنیا بھر میں ٹیکنالوجی میں نت نئی ایجادات آ رہی ہیں اور ان کا استعمال گاہے بگاہے کیا جا رہا ہے، جہاں اس کے فوائد بھی سب کے سامنے ہیں تو کچھ نقصانات بھی سامنے آتے رہتے ہیں، اسی طرح کا ایک نقصان جرمنی میں سامنے آیا ہے جہاں ٹریفک پولیس نے الیکٹرک موٹر سائیکل کو ملک کیلئے خوفناک قرار دیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق جرمنی کی ٹریفک پولیس نے الیکٹرک موٹرسائیکل کی ایجاد کو ملکی مستقبل کیلئے خوفناک قرار دیتے ہوئے حادثات کی ایک رپورٹ جاری کی ہے، یہ رپورٹ برلن پولیس نے موٹرسائیکل متعارف ہونے کے تین ماہ بعد جاری کی ہے۔

برلن پولیس کی جانب سے جاری کی گئی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جرمن دارالحکومت میں 74 حادثات ای موٹرسائیکل کی وجہ سے ہوئے ہیں۔ الیکٹرک موٹرسائیکل استعمال کرنے والے قانون کی خلاف ورزی آسانی سے کرتے ہیں کیونکہ انہیں کاغذات نہ ہونے کی وجہ سے جرمانے کا خوف نہیں ہوتا۔

خبر رساں ادارے کے مطابق ان تین ماہ کے دوران کلوز سرکٹ ٹیلیویژن (سی سی ٹی وی) میں ریکارڈنگ کے دوران 233 ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیاں بھی دیکھی گئیں۔

اس موقع پر جرمن پولیس کا کہنا تھا کہ برلن میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں میں سے 65 ایسے بھی رائیڈرز تھے جو نشے میں دھت ہو کر موٹرسائیکل چلا رہے تھے۔

ٹریفک پولیس حکام کے مطابق تین ماہ کے دوران 16 خوفناک حادثات ہوئے جن میں ڈرائیور شدید زخمی ہوئے جبکہ 43 معمولی زخمی ہوئے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ موٹرسائیکل سواروں کی غلطیوں سے 27 معمولی حادثات بھی ریکارڈ کیے گئے جبکہ پولیس نے 19 گاڑیاں تحویل میں بھی لے لی ہیں۔
 

Advertisement