جہاز پر سوار ہونے سے قبل 10 سالہ بچے کی شرط پر سب حیران

Last Updated On 27 December,2019 07:14 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) جنوی افریقا سے آنے والی ایک خبر نے سب کو ورطہ حیرت میں ڈال دیا ہے جہاں پر ایک دس سالہ بچے نے طیارے میں سوار ہونے سے قبل ایک انوکھا مطالبہ کر کے سب کو حیران کر دیا۔

غیر ملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق جوہانسبرگ ایئرپورٹ بورڈنگ کے دوران نیوزی لینڈ سے تعلق رکھنے والے 10 سالہ بچے نے اپنی ٹی شرٹ تبدیل کرنے کا مطالبہ کیا۔

کیوی بچے سٹیو لوکاس کا کہنا تھا کہ میں ٹی شرٹ اس لیے تبدیل کرنا چاہتا ہوں کہ اس پر ’سانپ‘ پرنٹ ہے اور میں طیارے میں سوار ہوا تو کچھ مسافر یہ دیکھ کر خوفزدہ ہوجائیں گے۔

سٹیو لوکاس اپنے دادا کے گھر چھٹیاں گزارنے کے بعد جنوبی افریقا سے واپس نیوزی لینڈ جارہا تھا، بچے نے جوہانسبرگ ایئرپورٹ پر بورڈنگ کے دوران عملے سے ٹی شرٹ تبدیل کرنے کا کہا۔

لوکاس کے والدین سٹیو اور مارگا نے سکیورٹی آفیسر سے کہا کہ اس طرح کی ٹی شرٹ پہن کر طیارے میں سوار ہونا ممنوع ہوتا ہے اس لیے بیٹے نے ایسا کہا۔

ایئرپورٹ سیکیورٹی فوٹیجز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ لوکاس کی کالے رنگ کی ٹی شرٹ پر سبز رنگ کا سانپ پرنٹ ہے، مذکورہ واقعہ 17 دسمبر کو پیش آیا۔ بچے کے والدین نے جنوبی افریقی ایئرپورٹ انتظامیہ کو بذریعہ ای میل کپڑوں کے حوالے سے ایئرپورٹ قوانین کے بارے میں دریافت کیا۔

جوہانسبرگ ایئرپورٹ انتظامیہ نے بچے کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے جواب دیا کہ ہماری توجہ اس جانب مبذول کرانے کا شکریہ، ہم نے لباس کے قواعد و پابندیوں کے حوالے سے رائے مانگ لی ہے جیسے ہی جواب موصول ہوگا آپ کو اطلاع کردی جائے گی۔