کورونا وائرس سے متعلق احتیاطی تدابیر بتانے بیٹ مین میدان میں آ گیا

Last Updated On 10 April,2020 07:07 pm

میکسیکو سٹی: (ویب ڈیسک) دنیا بھر میں چین سے جنم لینے والے کورونا وائرس کے باعث تقریباً ایک لاکھ افراد زندگی کی بازی ہار گئے ہیں جبکہ اس مہلک وباء کے ساتھ مختلف ممالک جنگ کر رہے ہیں، تاہم میکسیکو سے حیران کن خبر سامنے آئی ہے جہاں پر کورونا وائرس سے متعلق احتیاطی تدابیر بتانے بیٹ مین میدان میں آ گیا۔

تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس سے متعلق آگاہی فراہم کرنے کے لیے عالمی اداراہ صحت سمیت متعدد سوشل میڈیا پلیٹ فارمز اور حکام سرگرم ہیں اور وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے ہر ممکنہ کوششیں کر رہے ہیں۔

خبر رساں ادارے کے مطابق میکسیکو کے شہر کی سڑکوں پر کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے لوگوں کو سماجی دوری اختیار کرنے کی آگاہی فراہم کرنے کے لیے  بیٹ مین  میدان میں اتر آیا ہے۔

یہ بیٹ مین اپنی کار سے سپیکر کے ذریعے لوگوں سے درخواست کرتا ہے کہ وہ کورونا سے بچنے اور اس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے اپنے اپنے گھروں میں رہیں۔

علاوہ ازیں بیٹ مین پہلے سے ریکارڈ شدہ پیغامات بھی سپیکر پر چلاتا ہے جس میں سماجی دوری اختیار کرنے اور ہاتھ بار بار دھونے کی تلقین کرنا شامل ہے۔

بیٹ مین کی جانب سے سپیکر پر چلائے جانے والے ایک پیغام میں اس کا کہنا ہے کہ کورونا سے بچنے کے لیے اپنے اپنے گھروں میں رہیں جتنا ہو سکے کم سے کم باہر نکلیں، ایسا کرنے سے ہم کورونا کے خلاف سپر ہیروز بن سکتے ہیں اور میں یہ کام اکیلا نہیں کر سکتا۔

میکسیکو کا یہ بیٹ مین روزانہ اپنی خاص بیٹ موبائل پر روزانہ سڑکوں اور دیگر عوامی مقامات پر گشت کرتا ہے۔
 

Advertisement