مردہ قرار دی گئی خاتون آخری رسومات سے قبل زندہ ہو گئی

Last Updated On 15 April,2020 09:54 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) دنیا بھر میں اکثر خبریں سامنے آتی ہیں جو سب کو حیران کر دیتی ہیں، اسی طرح کی ایک خبر جنوبی امریکا سے آئی ہے جہاں پر مردہ قرار دی گئی خاتون آخری رسومات سے قبل زندہ ہو گئی۔

تفصیلات کے مطابق جنوبی امریکی ملک پیراگوئے میں ایک خاندان اس وقت ملے جلے جذبات سے دو چار ہوگیا جب ان کی مردہ قرار دی گئیں والدہ زندہ نکلیں، خاتون کو نجی کلینک نے مردہ قرار دیا تھا، خاتون کو آخری رسومات کے لیے بیگ میں ڈال کر مردہ خانے منتقل کیا گیا تو وہ زندہ ہو گئی۔

 

خبر رساں ادارے کے مطابق مذکورہ خاتون رحم کے کینسر میں مبتلا تھیں اور انہیں بلڈ پریشر بڑھ جانے کے بعد کلینک لایا گیا، ڈاکٹرز نے انہیں داخل کرلیا اور چند گھنٹوں بعد مردہ قرار دے کر انکی بیٹی اور شوہر کو اس کی اطلاع کردی۔

بیٹی جب والدہ کو لے کر مردہ خانے پہنچیں تو باڈی بیگ کے اندر خاتون میں حرکت پیدا ہوئی، جس کے بعد انہیں فوری طور پر دوسرے ہسپتال منتقل کیا گیا۔

خاتون کی بیٹی نے کلینک کے ڈاکٹرز کو پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر نے میری ماں کو مردہ سمجھ کر اس کا برہنہ جسم کسی جانور کی طرح ہمارے حوالے کیا۔ جیسے ہی ڈاکٹر کو سانس بند ہونے کی پہلی علامت دکھائی دی انہوں نے مزید چیک کرنے کی زحمت نہیں کی اور انہیں مردہ قرار دے دیا، ہمیں اس کلینک پر اعتبار تھا تب ہی ہم والدہ کو یہاں لے کر آئے۔

بیٹی کا کہنا ہے کہ والدہ کو دوسرے ہسپتال میں انڈر آبزرویشن رکھا گیا اور انہیں امید ہے کہ وہ جلد صحتیاب ہو کر گھر لوٹ آئیں گی۔