من موہن کی کانگریس میں عزت نہیں, نواز شریف کیا کرینگے

Published On 29 Sep 2013 02:28 PM 

نئی دہلی (دنیا نیوز)بھارتی وزیر اعظم من موہن سنگھ کو نواز شریف سے ملاقات پر جنگی جنون رکھنے والے بھارتی رہنماؤں کی جانب سے خوب کھری کھری سننا پڑ رہی ہیں،بی جے پی کے نامزد وزیر اعظم کا کہنا ہےمن موہن سنگھ نواز شریف کے سامنے بھارتی مؤقف کو درست طریقے سے نہیں بیان کر سکتے۔

نئی دہلی میں بی جے پی کے نامزد وزیراعظم نریندر مودی نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا من موہن سنگھ کی نواز شریف سے ملاقات پر بھارتی شہری تشویش کا شکار ہیں۔من موہن سنگھ نیویارک میں اوباما سے غریبی کا رونا روتے رہے،وہ نواز شریف کے سامنے بھی بھارتی مؤقف درست طریقے سے بیان نہیں کر سکتے۔نریندر مودی کا کہنا تھا من موہن سنگھ کو نواز شریف سے ملاقات میں لائن آف کنٹرول پر فوجیوں کی ہلاکت کو بھی یاد رکھنا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ من موہن سنگھ کی کانگریس میں بھی کوئی عزت نہیں،نواز شریف ان کی کیا عزت کریں گے۔بی جے پی رہنما نے تقریر میں راہول گاندھی کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا،انہوں نے کہا کہ بھارت آئین کی بجائے راہول گاندھی کے اصولوں پر چل رہا ہے۔