بھارت کا امریکی سفارتکاروں سے مراعات واپس لینے کا فیصلہ

Published On 08 Jan 2014 02:45 PM 

امریکا میں بھارتی سفارتکار کی گرفتاری پر بھارت نے امریکا کے ساتھ سخت رویہ اختیار کر لیا ہے۔ 16 جنوری تک سفارتخانے پر تجارتی سرگرمیاں بند کرنے کا حکم دے دیا۔

نئی دلی: (دنیا نیوز) امریکا میں بھارتی خاتون سفارتکار دیویانی کھوبرے کو ویزا فراڈ کیس پر قانونی مسائل کا سامنا ہے اور ان پر تیرہ جنوری کو نیویارک میں فرد جرم عائد کی جائیگی۔ دیویانی کھوبرے کیس پر غصے کا اظہار کرتے ہوئے بھارت نے امریکی سفارتکاروں کو 16 جنوری تک امریکن کمیونٹی سپورٹ ایسوسی ایشن کے تحت جاری تجارتی سرگرمیاں بند کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ بھارت نے امریکی سفارتخانے میں بنے ریسٹورنٹ، بار، بولنگ کلب، سوئمنگ پول، بیوٹی پارلر اور جم بھی بند کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ امریکن سینٹر میں بھارتی فلم کی نمائش کے لیے لائسنس کا حصول لازمی ہوگا۔ امریکی سفارتی گاڑیوں کا ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر چالان بھی کیا جائے گا۔ بھارت نے امریکا سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ سفارتکار کے خلاف کیس واپس لے اور واقعہ پر معافی مانگے۔