بھارت: ریل پٹری سے اتر گئی، 15 افراد ہلاک

Published On 04 May 2014 07:38 PM 

بھارت کی مغربی ریاست مہاراشٹر کے رائے گڑھ ضلع میں ناگوٹھنے کے قریب ایک مسافر ٹرین کے پٹری سے اتر جانے سے کم سے کم 15 افراد ہلاک اور 40 سے زیادہ افراد زخمی ہو گئے ہیں۔

نئی دہلی(آن لائن) برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق اس حادثے کی وجہ سے یونین ریلوے ٹریفک ٹھپ ہو گیا ہے اور کئی گاڑیوں کے روٹ میں تبدیلی کی گئی ہے۔ رائے گڑھ پولیس کا کہنا ہے کہ دیوا ساونتواڑی نام کی اس مسافر ٹرین کے چار ڈبے اور انجن کے پٹری سے اتر جانے سے یہ حادثہ پیش آیا۔ رائے گڑھ ضلع پولیس کنٹرول روم کے پولیس سب انسپکٹر آر ایم یامبلے نے بتایا کہ اس حادثے میں 15 افراد کی موت ہو گئی ہے اور 40 افراد زخمی ہیں۔ زخمیوں کو علاج کے لیے ناگوٹھنے اور روہا کے سرکاری ہسپتال لے جایا گیا ہے۔ پولیس نے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے جبکہ سنٹرل ریلوے زون نے کسی بھی ہلاکت کی تصدیق نہیں کی ہے۔ وسطی ریلوے حکام کے مطابق حادثہ صبح 9.40 بجے اس وقت ہوا جب دیوا ساونتواڑی پیسنجر ٹرین ممبئی سے 136 کلو میٹر دور ناگوٹھنے اور روہا کے درمیان پٹری سے اتر گئی۔