واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی ریاست ٹیکساس کے ایک سکول میں فائرنگ کا واقعہ، سکول کے ہی ایک طالب علم نے دیگر طلبہ پر گولیوں کی بوچھاڑ کر دی جس کے نتیجے میں 10 افراد ہلاک ہو گئے۔ پولیس نے ملزم کو حراست میں لے لیا۔ امریکی صدر نے واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
امریکی ریاست ٹیکساس کے سکول میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے۔ سینٹا فے ہائی سکول میں اسلحے سے لیس طالب علم نے فائرنگ کر کے 10 افراد کو موت کی نیند سلا دیا۔ حملے میں ہلاک ہونے والوں کی اکثریت طلبہ کی تھی۔
فائرنگ کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے اسکول کو گھیرے میں لے کر مسلح طالب علم کو حراست میں لے لیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ سکول کے احاطے سے دھماکا خیز مواد بھی ملا ہے۔
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے واقعے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ خیال رہے کہ کچھ عرصہ پہلے فلوریڈا کے ہی ایک سکول میں فائرنگ سے 50 سے زائد افراد ہلاک ہو گئے تھے۔