انڈونیشیا :زلزلے سے ہلاکتوں کی تعداد 91 ہوگئی

Last Updated On 06 August,2018 12:39 pm

لومبوک (دنیا نیوز ) انڈونیشیا کےجزیرے لومبوک میں ایک ہفتے میں دوسری بار زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے۔ 7 شدت کے زلزلے نے تباہی مچا دی، اکانوے افراد ہلاک جبکہ سیکڑوں زخمی ہوگئے۔

متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں، انڈونیشیا کا جزیرہ لومبوک ایک بار پھر لرز اٹھا، سات شدت کے زلزلے نے جزیرے بالی کو بھی ہلا کر رکھ دیا، زلزلے کا مرکز دس کلومیٹر کی گہرائی میں تھا، عمارتیں گرنے سے سیکڑوں افراد زخمی ہو گئے، ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

متاثرہ علاقوں میں بجلی کا نظام تباہ ہو گیا ہے جس کے باعث امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا ہے، حکام کے مطابق زلزلے سے لومبوک کا مرکزی شہر ماترم سب سے زیادہ متاثر ہوا، گزشتہ ہفتے چھ اعشاریہ چار شدت کے زلزلے نے پندرہ جانیں لیں، شدید جھٹکوں کےدوران ایک مسجد میں نماز جاری رکھنے کی وڈیو بھی سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی۔