لبیک اللھم لبیک کی صدائیں ، مناسک حج کا آغاز

Last Updated On 19 August,2018 06:04 pm

ریاض (دنیا نیوز ) لبیک اللھم لبیک کی صداؤں میں مناسک حج کا آغاز ہوگیا، لاکھوں عازمین کی نماز فجر کے بعد مکہ مکرمہ سے منیٰ روانہ ہوگئے، رکن اعظم وقوف عرفات کل ادا کیا جائیگا۔

عازمین حج میں ایک لاکھ چوراسی ہزار پاکستانی شامل ہیں، بیس لاکھ سے زائد عازمین فریضہ حج ادا کرینگے۔ سعودی عرب میں لبیک اللھم لبیک کی صدائیں گونج رہی ہیں، ہر طرف روح پرور مناظر دکھائی دے رہے ہیں،

عازمین حج نماز فجر کی ادائیگی کے بعد مکہ مکرمہ سے منیٰ کیلئے روانہ ہوگئے، جہاں ایمان افروز ماحول میں ذکر و اذکار اور عبادات میں مصروف رہیں گے، عازمین منیٰ میں ہی رات قیام کرینگے جہاں خیمو٘ں کا شہر آباد ہوگا۔ عازمین 9 ذی الحج کو نماز فجر کے بعد منیٰ سے میدان عرفات روانہ ہوں گے جہاں رکن اعظم وقوف عرفات ادا کرینگے۔ 

دن بھر عرفات میں قیام اور مغرب کی اذان کے بعد حجاج کرام مزدلفہ روانہ ہو جائیں گے جہاں نماز مغرب اور عشاء ملا کر ادا کی جائے گی۔ رات بھر مزدلفہ میں کھلے میدان اور پہاڑوں پر قیام ہوگا۔ اللہ کے مہمان 10 ذی الحج کو فجر کی نماز کے بعد منیٰ روانہ ہوں گے، جہاں وہ شیطان کو کنکریاں مارنے کے بعد قربانی کریں گے اور سر منڈوا کر احرام کھول دیں گے۔

پھر طواف زیارت ہوگا، سعودی انتظامیہ نے حجاج کو سہولت فراہم کرنے کے لئے مختلف مقامات پر "سلیپ سٹیشنز "قائم کئے ہیں، ان عارضی کمروں میں ائیرکنڈیشنر سمیت دیگر جدید سہولیات بھی دستیاب ہوں گی۔ عازمین حج میں ایک لاکھ چوراسی ہزار پاکستانی شامل ہیں۔ بیس لاکھ سے زائد عازمین فریضہ حج ادا کرینگے۔