کویت : کھلونا بندوق سے بینک لوٹنے والا ڈاکو گرفتار

Last Updated On 24 September,2018 04:19 pm

کویت (نیٹ نیوز ) کویت کی سکیورٹی فورسز نے حوالی کے علاقے میں واقع ایک خلیجی بنک کی شاخ میں ڈکیتی کرنے والے مشتبہ ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔ اس شخص نے مکمل برقع اوڑھ رکھا تھا اور کھلونا بندوق سے بنک عملہ کو ڈرا کر پندرہ ہزار ڈالرز لوٹ لیے تھے۔

کویت کے شعبہ تفتیش جرائم نے ہفتے کی شب اس ملزم کو گرفتار کرنے کی اطلاع دی ہے اور اس کے قبضے سے لوٹی گئی رقم بھی برآمد کر لی ہے ۔اس نے ڈکیتی کی واردات میں جو کھلونا بندوق استعمال کی تھی ،اب اس کی تلاش کی جارہی ہے۔

ایک سکیورٹی ذریعے نے بتایا ہے کہ حوالی کے محکمہ تفتیش جرائم نے اس ملزم کو بنک میں لگے نگرانی کے کیمروں سے حاصل کردہ تصاویر سے شاخت کیا تھا اور محکمہ ان تصاویر کی مدد سے اس کی نگرانی کرتا رہا تھا۔

حکام کا کہنا ہے کہ یہ ملزم اردنی شہری ہے، اس کی عمر تیس سال سے اوپر ہے۔ اس نے عبایا اور نقاب اوڑھ رکھا تھا لیکن اس کے باوجود تفتیش کار اس کی شناخت معلوم کرنے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔ اس کے بعد سکیورٹی اہلکاروں نے اس کے کزن کے اپارٹمنٹ پر چھاپا مارا تھا جہاں اس نے پناہ لے رکھی تھی۔

سکیورٹی ذرائع نے بتایا ہے کہ اس مشتبہ ملزم نے اپنے جرم کا اقرار کر لیا ہے اور افسروں کو لوٹی گئی رقم کی جگہ کے بارے میں بھی بتا دیا تھا جہاں سے وہ رقم برآمد کی جاچکی ہے۔ اس نو آموز ڈکیت نے بتایا ہے کہ وہ کوئی ایک ہفتے تک ڈکیتی کی اس واردات کی منصوبہ بندی کرتا رہا تھا اور اس دوران میں بنک کا مشاہدہ کرتا رہا تھا۔اس نے اس روز ڈکیتی کی واردات کرنے کا فیصلہ کیا جب بنک میں صارفین کا کوئی زیادہ رش نہیں ہوتا ۔

اس ڈکیت نے النقرا کے علاقے میں واقع ایک مقامی مارکیٹ سے عبایا خرید کی تھی ۔اس کو اوڑھ کر وہ بنک میں داخل ہوگیا اور کیشیئر کے کاؤنٹر پر جا کر اس سے رقم حوالے کرنے کا مطالبہ کیا تھا اور یہ مطالبہ نہ ماننے کی صورت میں اپنے ہتھیار سے گولی چلانے اور خود کو دھماکے سے اڑانے کی دھمکی دی تھی۔اس کے بعد وہ قریباً 15 ہزار ڈالرز ( ساڑھے چار ہزار کویتی دینار) لے کر رفوچکر ہوگیا۔

اس ملزم نے بتایا کہ وہ ڈکیتی کی واردات کے بعد پیدل ہی ایک رہائشی علاقے کی جانب بھاگ نکلا تھا۔وہاں اس نے کھلونا بندوق کو پھینک دیا اور ایک ٹیکسی میں بیٹھ کر اپنے گھر کی جانب روانہ ہوگیا تھا ۔

 

Advertisement