ایشیا کپ: بھارت کے ہاتھوں پاکستان کی لگاتار دوسری ناکامی

Last Updated On 24 September,2018 08:13 pm

دبئی (دنیا نیوز ) متحدہ عرب امارات میں جاری ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں بھارت نے پاکستان کو 9 وکٹوں سے ہرا کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔

بھارتی بلے بازوں نے پراعتماد انداز میں بلے بازی کرتے ہوئے پاکستان کا 238 رنز کا ہدف ایک وکٹ کے نقصان پر 40ویں اوور کی تیسری گیند پر پورا کر لیا۔ پاکستان کے 238 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بھارت کی جانب سے کپتان روہت شرما اور شکھر دھاون نے اننگز کا آغاز کیا۔ دونوں اوپنرز نے شاندار سنچریاں سکور کیں اور پاکستانی گیند بازوں کو گراؤنڈ کے چاروں طرف شاندار شاٹس لگائے۔

بھارت کے واحد آؤٹ ہونے والے کھلاڑی شکھر دھاون تھے جو 114 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔ کپتان روہت شرما 111 اور امباتی روئیڈو 12 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔ پاکستان کی جانب سے کوئی بھی گیند باز وکٹ حاصل نہ کرسکا۔ ابتدائی اوورز میں پاکستان کی جانب سے فیلڈنگ میں ناقص کاکردگی کا مظاہرہ کیا گیا اور بھارتی اوپنرز کے 2 آسان کیچ ڈراپ کر دیے گئے جبکہ 28ویں اوور میں محمد شاداب کی گیند پر ایک مرتبہ پھر روہت شرما کا کیچ ڈراپ ہوا۔ بہترین بلے بازی پر روہت شرما مین آف دی میچ قرار پائے۔

اس سے قبل قومی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو امام الحق اور فخر زمان نے محتاط انداز میں اننگز کا آغاز کیا۔ تاہم اوپنر امام الحق آٹھویں اوور میں 24 کے مجموعی سکور پر 10 رنز بنا کر چاہل کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے جبکہ فخر زمان 55 کے مجموعی سکور پر 31 رنز بنا کر کلدیپ یادیو کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کے تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی بابراعظم تھے جو 9 سکور بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔ 165 کے مجموعی سکور پر کپتان سرفراز 44 رنز بنا کر کلدیپ یادیو کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے، سرفراز نے مشکل وقت میں شعیب ملک کیساتھ ملکر شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کیا۔ پاکستان کی جانب سے پانچویں آؤٹ ہونیوالے کھلاڑی شعیب ملک تھے جنہوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 90 گیندوں پر 78 رنز بنائے اور ٹیم کو مستحکم پوزیشن پر لانے میں اہم کردار ادا کیا۔ شعیب ملک بھمرا کی گیند پر وکٹ کے پیچھے کیچ آؤٹ ہوئے۔ شعیب ملک کے آؤٹ ہونے سے ٹیم کو بڑا نقصان ہوا ہے اور بیٹنگ سست روی کا شکار ہوگئی۔

211 کے مجموعی سکور پر پاکستان کی چھٹی وکٹ گری جب آصف علی 30 رنز بنا کر چاہل کی گیند پر کلین بولڈ ہوئے، انہوں نے کافی جارحانہ انداز میں بلے بازی کی۔ شاداب 10 سکور بنا کر بڑی شارٹ کھیلنے کے چکر میں بھمرا کی گیند پر کلین بولڈ ہوئے۔ محمد نواز اور حسن علی بلترتیب 15 اور 2 سکور بنا کر ناقابل شکست رہے۔

پاکستان کی جانب سے کامیاب ترین بلے باز شعیب ملک رہے جنھوں نے 78 رنز بنائے۔ شعیب ملک اور سرفراز احمد کے درمیان 107 رنز کی شراکت بھی رہی۔ بھارت کی جانب سے کلدیپ اور بھمرا نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

 بڑے مقابلے کو دیکھنے کے لیے شائقین کرکٹ کی بڑی تعداد سٹیڈیم میں موجود تھی۔

قومی ٹیم فخر زمان، امام الحق، بابراعظم، شعیب ملک، کپتان سرفراز احمد، آصف علی، شاداب خان، محمد نواز، شاہین آفریدی، حسن علی اور محمد عامر پر مشتمل تھی۔

بھارتی ٹیم میں شکھر دھاون، کپتان روہت شرما، امباتی روئیڈو، مہندرا سنگھ دھونی، دنیش کارتھک، کیدر جادیو، روندرا جدیجا، بھونیشور کمار، کلدیپ یادیو، یوزویندرا چاہل اور جیسپرٹ بھمرا شامل تھے۔

یاد رہے کہ اب تک ایشیا کپ میں پاکستان بھارت سے 5 مقابلے جیت چکا ہے جبکہ بھارت نے 7 میں کامیابی حاصل کی ہے۔

Advertisement