جمال خشوگی کی گمشدگی، معاملے کی تہہ تک جائینگے :ٹرمپ

Last Updated On 11 October,2018 09:50 am

نیویارک (دنیا نیوز ) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سعودی صحافی جمال خشوگی کے معاملے پر سعودی حکومت پر برس پڑے، ان کا کہنا تھا کہ جمال خشوگی کی گمشدگی پر امریکا معاملے کی تہہ تک جائے گا، اگر سعودی حکومت ملوث پائی گئی تو سعودی عرب پر پابندیاں لگنے کا بھی خطرہ ہے۔

امریکی سینیٹ کے 22 ارکان نے صدر ٹرمپ کو سعودی صحافی کے متعلق خط لکھ دیا۔ ٹرمپ نے معاملے کی تہہ تک پہنچنے کا عزم کر لیا، امریکی سینیٹرز کے خط میں کہا گیا ہے کہ امریکا جمال خشوگی کی گمشدگی سے متعلق باضابطہ تحقیقات کرے، اگر یہ ثابت ہو جائے کہ سعودی حکومت ملوث ہے تو صدر ٹرمپ کو سعودی عرب پر پابندیاں لگانا ہوں گی۔

جمال خشوگی کو دو اکتوبر کو استنبول میں سعودی قونصل خانے میں داخل ہوتے دیکھا گیا جس کے بعد ان کا کچھ اتا پتا نہیں۔ ترک حکام کا کہنا ہے کہ انہیں قونصلیٹ میں ہی قتل کر دیا گیا تاہم سعودی حکام کا کہنا تھا کہ جمال خشوگی قونصل خانے سے واپس چلے گئے تھے۔

 

Advertisement