انڈونیشیئن طیارہ تکنیکی خرابی کی وجہ سے حادثے کا شکار ہوا

Last Updated On 06 November,2018 07:11 pm

جکارتہ: (ویب ڈیسک) حادثے کے بعد ملنے والے بلیک باکس میں انکشاف ہوا ہے کہ انڈونیشیا میں طیارے کی تباہی کی وجہ تکنیکی خرابی تھی۔ پرواز میں ائیر سپیڈ ریڈنگ درست نہیں آئی، طیارے میں گزشتہ پروازوں کے دوران ہی تکنیکی خرابی موجود تھی۔ بلندی کی ریڈنگ کیپٹن اور فرسٹ آفیسرکی ڈیوائس پر مختلف تھیں۔ یہی تکنیکی خرابی حادثے کا سبب بنی۔

انڈونیشین طیارے کو پیش آنے والے حادثے کے بعد بلیک باکس سے سامنے آنے والی تفصیلات کے مطابق جہاز کی گزشتہ چارپروازوں کے دوران جہاز کی رفتار میں بے ترتیبی پائی جاتی تھی تاہم حکام نے اس جانب توجہ نہ دی۔ بلیک باکس کے ذریعے یہ معلومات بھی سامنے آئی ہیں کہ دوران پرواز انجن کی گڑگڑاہٹ اور شور کے باعث مسافروں میں خاصی تشویش پائی جاتی تھی۔

تحقیقات کرنے والی ٹیم نے بتایا ہے کہ طیارے کے بلیک باکسز سے ملنے والی ریکارڈنگ سے پتا چلا ہے کہ ہوائی جہاز کا پائلٹ بروقت احتیاط کرکے طیارے کو باحفاظت لینڈ کروا سکتا تھا تاہم ایسا ممکن نہ ہوسکا ۔ایئرلائن کے مالک نے جزباتی پریس کانفرنس میں حادثے پر ندامت کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے معافی مانگ لی۔

طیارے میں سوار مسافروں کے لواحقین نے مکمل تفصیلات سامنے لانے کا مطالبہ کیا ہے۔

 

حکام نے سمندر میں ملبے کی تلاش کا کام جاری رکھا۔ تلاش اور بچاؤ کی قومی ایجنسی کے سربراہ محمد سیوگی نے کہا کہ تلاش کی کارروائی مزید تین دن جاری رہے گی۔ تلاش کی کارروائی آج 7ویں دن بھی جاری رہی جس میں سیکڑوں اہلکار اور درجنوں جہاز شامل ہیں۔ بوئنگ سات سو سیتس میکس آٹھ جیٹ طیارہ 29 اکتوبر کو جکارتہ سے پرواز بھرنے کے فوراً بعد حادثہ کا شکار ہوگیا تھا۔ اِس حادثہ میں سبھی ایک سونواسی افراد ہلاک ہوگئے تھے جو کہ 1997 کے بعد سے ملک کا سب سے بھیانک طیارہ حادثہ ہے۔

 

 

Advertisement