طالبان کے ساتھ مذاکرات کا حوصلہ افزا نتیجہ نکلے گا، زلمے خالد زاد

Last Updated On 18 November,2018 08:05 pm

کابل: (دنیا نیوز) قطر میں طالبان کے ساتھ تین روزہ امن مذاکرات سے واپسی پر کابل میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغانستان زلمے خالد زاد کا کہنا تھا کہ وہ امن مذاکرات کے حوالے سے پُرامید ہیں، 20 اپریل سے پہلے فریقین کسی نتیجے پر پہنچ جائیں گے۔

امریکا طالبان امن مذاکرات کے منطقی انجام کے قریب، امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغانستان زلمے خالد زاد کا دعویٰ ہے کہ قطر میں ہونے والے مذاکرات کا حوصلہ افزا نتیجہ نکلے گا۔

تین روزہ امن مذاکرات سے واپسی پر کابل میں صحافیوں سے گفتکو کرتے ہوئے زلمے خالد زاد کا کہنا تھا کہ وہ پرامید ہیں کہ امریکا طالبان امن مذاکرات اگلے سال بیس اپریل سے پہلے ہی کسی منطقی نتیجے پر پہنچ جائیں گے۔

انہوں نے طالبان کو مشورہ دیا کہ بیس اپریل کو ہونے والے صدارتی انتخابات کے موقع کو غنیمت جانیں۔ زلمے خالد زاد کے مطابق طالبان بھی اس نتیجے پر پہنچ چکے ہیں کہ وہ بندوق کے زور پر افغانستان میں جنگ نہیں جیت سکتے۔

دوسری جانب طالبان صدارتی انتخابات ملتوی کرنے اور کسی غیر جانبدار شخصیت کی نگرانی میں عبوری حکومت کے قیام کا مطالبہ کر رہے ہیں، عبوری حکومت کی سربراہی کے لیے تاجک مذہبی سکالر عبدالستار سیرت کا نام لیا جا رہا ہے۔