سری لنکا: عدالت نے وزیر اعظم کے اختیارات معطل کر دیئے

Last Updated On 03 December,2018 09:32 pm

کولمبو: (دنیا نیوز) سری لنکن عدالت نے مہندا راجہ پکسا کو وزیراعظم کا عہدہ رکھنے اور کابینہ تشکیل دینے سے عارضی طور پر روک دیا۔

مہندا راجہ پکسا کےعہدے پر براجمان رہنے کے معاملے پر سری لنکا کی عدالت میں سماعت ہوئی جس پرعدالت نے مہندا راجہ پکسا کو وزیراعظم کاعہدہ سنبھالنے سے عارضی طور پر روک دیا، مہندا راجہ کے خلاف گزشتہ ماہ 2بار تحریک عدم اعتماد پیش ہوئی لیکن اس کے باوجود وہ عہدے پر براجمان رہے۔

عدالتی فیصلے کے خلاف ابتدائی طور پر راجا پاکسے یا ان کے حامیوں کی طرف سے کوئی بیان نہیں آیا۔صدر میتھری پالا سری سینا کو بھی راجا پاکسے کو بطور قابل قبول وزیر اعظم ثابت کرنے کے لیے شدید دباؤ کا سامنا ہے۔

مہندا راجا پاکسے نے، جو اس سے قبل دو بار ملک کے حکمراں رہ چکے ہیں، پارلیمنٹ کو نظر انداز کرکے اپنی کابینہ تشکیل دی اور حریف جماعتوں کی شدید مخالفت کے باوجود ذمہ داریاں سنبھا لیں۔ان کے حکومت سنبھالنے کے بعد قانون سازوں کی اکثریت نے گزشتہ ہفتے ملک کی اپیل کورٹ سے معاملے میں مداخلت کی درخواست کرتے ہوئے کہا تھا کہ پارلیمنٹ میں راجا پاکسے کے خلاف تحاریک منظور ہونے کے بعد انہیں عہدے پر نہیں رہنا چاہیے تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ  راجا پاکسے کے پاس دو تحاریک عدم اعتماد منظور ہونے کے بعد حکومت کا کوئی قانونی جواز نہیں ہے۔