مقبوضہ کشمیر: پلوامہ میں بھارتی بربریت، مزید 6 کشمیری شہید

Last Updated On 23 December,2018 06:43 pm

سری نگر: (دنیا نیوز) مقبوضہ کشمیر میں ظلم کی انتہا ہوچکی، بھارتی فوج نے پلواما میں سرچ آپریشن کےدوران 6 کشمیریوں کو شہید کر دیا، ایک ہفتے کے دوران شہادتوں کی تعداد 17 ہوگئی۔

بھارت کشمیریوں کی نسل کشی پر اتر آیا، پلواما میں ایک بار پھر ظلم کے پہاڑ توڑ دیئے۔ ترال کے علاقے میں سرچ آپریشن کےدوران 6 کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا۔ پلواما میں ایک ہفتے کے دوران شہادتوں کی تعداد 17 ہوگئی۔

بھارتی فوج کے مظالم کے خلاف کشمیریوں میں شدید غم اور غصہ پایا جا رہا ہے، علاقے میں کشمیری نوجوان سڑکوں پر نکل آئے، شہادتوں کے بعد کٹھ پتلی انتظامیہ نے موبائل اور انٹرنیٹ سروس بند کر دی۔

یاد رہے بھارت کی مرکزی حکومت نے مقبوضہ کشمیر میں صدر راج نافذ کر دیا، اس بات کا فیصلہ ریاستی گورنر ستہ پال ملک کے اس رپورٹ پر کیا گیا جو انہوں نے مرکز کو بھجوائی تھی۔ اس ضمن میں پہلے ہی گورنر نے ایک مراسلہ مرکزی وزارت داخلہ کو بھیج دیا تھا، جس میں صدارتی راج کے نفاذ کی سفارش کی گئی تھی۔

ادھر انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے مقبوضہ کشمیر کے ضلع پلوامہ میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں شہریوں کے قتل عام کی آزادانہ اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ دوسری جانب ملائیشین کونسل آف اسلامک آرگنائزیشن نے کہا مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فورسز کی ظالمانہ کارروائیوں پر اقوام عالم کی خاموشی شرمناک ہے، کونسل نے مطالبہ کیا اقوام متحدہ بھارتی فوج کے جنگی جرائم پر فوری مداخلت کرے۔