ضلع پلواما میں قتل عام: سابق بھارتی جسٹس اپنے ہی آرمی چیف پر برس پڑے

Last Updated On 17 December,2018 12:23 pm

ممبئی: (دنیا نیوز) بھارتی فوج کے ضلع پلواما میں قتل عام پر سابق بھارتی جسٹس اپنے ہی آرمی چیف پر پھٹ پڑے اور جنرل بپن راوت کو طنزاَ مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ معصوم کشمیریوں کے قتل نے جلیاں والا باغ واقعے کی یاد تازہ کر دی۔

جنت نظیر وادی میں خون کی ندیاں بہانے والی بھارتی فوج اپنوں ہی کے ہاتھوں کی ذلیل ہونے لگی، پلواما میں قتل عام پر سپریم کورٹ کے سابق جسٹس مار کنڈے کاٹجو آرمی چیف جنرل بپن راوت پر برس پڑے اور ٹوئیٹ کرتے ہوئے کہا آرمی چیف مبارک باد وصول کریں، کتنے بہادر ہیں بھارتی آرمی جنرل کیونکہ ان کے فوجیوں نے پلواما میں جلیاوالاباغ اور ویتنام جیسا قتل عام کیا۔

سابق جسٹس مار کنڈے کاٹجو نےمزید لکھا بھارتی فوج کوشاباش جنہوں نے نہتے کشمیریوں کا قتل عام شروع کر رکھا ہے، جیسے جلیاں والا باغ میں کیا اور جیسے ویتنام میں خون کی ہولی کھیلی گئی۔ انہوں نے کہا بھارتی فوجی افسران اور فوجیوں کو بھارتی رتنا ایوارڈ سے نوازا جانا چاہئے۔