بھارت میں انسانی حقوق کی پامالیاں شام سے بھی بڑا المیہ قرار

Last Updated On 10 January,2019 09:45 am

لاہور: (دنیا نیوز) بھارت میں سترہ کروڑ مسلمانوں سمیت اقلیتوں پر زندگی اجیرن کردی گئی، معروف یوروایشیا تھنک ٹینک نے دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کے دعویدار بھارت میں انسانی حقوق کی پامالیوں کو شام سے بھی بڑا المیہ قرار دے دیا۔

بھارت انسانی حقوق کی پامالی میں سب سے آگے، عالمی تنظیموں کی رپورٹ نے پردہ فاش کر دیا۔ ایشیا گلوبل پالیسی اور یوروایشیا تھنک ٹینک نے کہا ہے کہ بھارت میں سترہ کروڑ مسلمانوں سمیت اقلیتوں پر زندگی اجیرن کردی گئی ہے۔ 2018ء کے دوران کمسن بچیوں اوراقلیتوں سے انسانیت سوز مظالم میں ریکارڈ اضافہ ہوا۔

گزشتہ سال جون میں 8 سالہ مسلمان لڑکی کو ہندوتوا گینگ نے پالیسی کے تحت اغوا کیا، 8 سالہ بچی کو جموں کے ہندو مندر میں زیادتی کے بعد قتل کیا گیا۔ یہ انسانیت سوز واقعہ بھارت میں اقلیتوں کےخلاف جرائم کی نئی لہر بن کر ابھر رہا ہے۔

یوورایشیا نے مودی سرکار اور بی جے پی کے عسکری ونگ آر ایس ایس پر بھی کڑی تنقید کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی پر عالمی برادری اور تنظیموں سے آواز بلند کرنے کا مطالبہ کیا۔