تھائی لینڈ کی شہزادی آئندہ عام انتخابات کیلئے نااہل قرار دیدی گئی

Last Updated On 14 February,2019 10:59 am

بنکاک: (آن لائن) جنوب مشرقی ایشیائی ملک تھائی لینڈ کی الیکشن کمیشن نے بادشاہ ماہا وجیرالونگ کورن کی مخالفت کے بعد ان کی بڑی بہن شہزادی اوبولرتنا ماہیدول کو آئندہ عام انتخابات کے لیے نااہل قرار دے دیا۔

خیال رہے کہ 67 سالہ شہزادی اوبولرتنا ماہیدول تھائی لینڈ کے شاہی خاندان کی سب سے بڑی فرد ہیں۔ ساتھ ہی وہ شاہی خاندان کی پہلی فرد تھیں جنہوں نے ملکی سیاست میں انٹری کا اعلان چند دن قبل کیا تھا۔

شہزادی اوبولرتنا ماہیدول بادشاہ وجیرالونگ کورن کی بڑی بہن ہیں اور انہوں نے ملک کی سیاسی جماعت ’تھائی راکسا پارٹی‘ کی جانب سے آئندہ ماہ مارچ میں ہونے والے عام انتخابات میں حصہ لینے کا اعلان کیا تھا۔’تھائی راکسا پارٹی‘ نے بھی انہیں وزارت عظمیٰ کے امیدوار کے طور پر منتخب کیا تھا، تاہم شہزادی کے اس فیصلے کو بادشاہ نے تنقید کا نشانہ بنایا تھا اور انہیں انتخابات میں حصہ نہ لینے کا حکم دیا تھا۔

بادشاہ کی مخالفت اور حکم کے بعد ’تھائی راکسا پارٹی‘ نے بھی شہزادی کی بطور وزارت عظمیٰ کے امیدوار کی نامزدگی واپس لے لی تھی، تاہم شہزادی انتخابات لڑنے پر بضد تھیں۔ الیکشن کمیشن نے شہزادی کو تھائی لینڈ کے بادشاہ کے احکامات کے بعد نااہل قرار دیا۔الیکشن کمیشن نے اپنے مختصر فیصلے میں بتایا کہ شہزادی اوبولرتنا ماہیدول عام انتخابات میں حصہ نہیں لے سکتیں، وہ آئینی طور پر اس عمل کے لیے نااہل ہیں۔ شہزادی اوبولرتنا ماہیدول کی جانب سے سیاست میں انٹری دینے کے اعلان کے بعد ملک بھر کی سیاست میں ہلچل مچ گئی تھی۔