منی لانڈرنگ کیس: زرداری اور فریال کی ضمانت میں 5 مارچ تک توسیع

Last Updated On 14 February,2019 10:12 am

کراچی: (دنیا نیوز) میگا منی لانڈرنگ سکینڈل میں سابق صدر آصف علی زرداری اور فریال تالپور کی عبوری ضامنت میں 5 مارچ تک توسیع کر دی گئی۔ پیشی کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے۔

 کراچی کی بینکنگ کورٹ میں میگا منی لانڈرنگ کیس کی سماعت ہوئی۔ آصف علی زرداری اور ان کی ہمشیرہ عدالت میں پیش ہوئے۔ ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے کہا سپریم کورٹ کا فیصلہ پڑھ لیا جائے، عدالت ملزمان کی ضمانتیں سننے کی گنجائش نہیں رکھتی۔ وکیل فاروق نائیک نے کہا قانون ملزمان کی ضمانتیں سننے پر کوئی قدغن نہیں لگاتا۔

عدالت نے استفسار کیا علی ابڑو کہاں ہے، جس پر تفتیشی افسر نے کہا سپریم کورٹ میں پیش رفت رپورٹ جمع کرا رہے ہیں، کیس اسلام آباد منتقل کیا جا رہا ہے۔ عدالت نے کہا ایف آئی اے کو جو کہنا ہے تحریری طور پر جمع کرائے۔ وکیل فاروق ایچ نائیک نے کہا سپریم کورٹ نے نیب ریفرنسز اسلام آباد منتقل کرنے کا حکم دیا، عدالتی فیصلے میں بینکنگ کورٹ کیس کا کوئی ذکر نہیں، ایف آئی اے بتائے حتمی چالان کیوں جمع نہیں کرا رہے۔

یاد رہے میگا منی لانڈرنگ کیس میں سابق صدر آصف زرداری، فریال تالپور، انور مجید، عبدالغنی مجید، حسین لوائی اور دیگر نامزد ہیں۔ اربوں روپے کی منی لانڈرنگ کیس میں آصف زرداری، فریال تالپور، انور مجید کے بیٹے نمر مجید، ذوالقرنین، علی مجید عبوری ضمانت پر ہیں جبکہ انور مجید، عبدالغنی مجید، حسین لوائی، طحہ رضا گرفتار ہیں۔

 

Advertisement