ایرانی پارلیمنٹ میں امریکی فوج کو دہشتگرد قرار دینے کا بل کثرت رائے سے منظور‌

Last Updated On 24 April,2019 12:05 pm

تہران: (ویب ڈیسک) ایرانی پارلیمنٹ نے امریکی فوج کو دہشت گرد قرار دینے کا بل اکثریت رائے سے منظور کر لیا، اجلاس میں موجود 215 میں سے 173 اراکین پارلیمنٹ نے امریکی فوج کے خلاف ووٹ ڈالا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدر ٹرمپ کی جانب سے اگلے مرحلے میں ایران سے تیل درآمد کرنے کی پابندیوں سے مستثنی ممالک کو بھی روک دیا جائے گا، ایرانی پارلیمان نے امریکی اقدام کے ردعمل کے طور پر امریکی فوج کو دہشت قرار دیا ہے۔

واضح رہے کہ امریکہ نے ایران کی پاسداران انقلاب کو رواں ماہ کے آغاز میں دہشتگرد تنظیم قرار دیا تھا جس پر ایران نے امریکہ کی مشرق وسطی میں موجود فوج کو دہشتگردوں کی فہرست میں شامل کیا تھا، اب صدر ٹرمپ کی جانب سے ایرانی تیل خریدنے سے متعلق پابندیوں کے جواب میں تمام امریکی فوج کو دہشت گرد قرار دے دیا ہے۔