نیٹو اصلاحات کے حامی، جرمنی تعاون نہیں کر رہا: امریکہ

Last Updated On 10 May,2019 01:04 pm

برلن: (ویب ڈیسک) جرمنی میں امریکی سفیر رچرڈ گرینل نے جرمن سیاستدانوں پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیٹو اصلاحات کے حامی ہیں تاہم جرمنی تعاون نہیں کررہا۔ یہ لوگ نیٹو کے دفاعی اخراجات میں سنجیدہ نہیں۔ انہوں نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ اس ملک نے دوسری عالمی جنگ سے بھی بہتر سبق نہیں سیکھا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کو ایک انٹرویو کے دوران ان کا کہنا تھا کہ برلن حکومت نیٹو کے حوالے سے ’’منافقانہ‘‘ پالیسی اپنائے ہوئے ہے۔ انہوں نے ایران میں بعض جرمن کمپنیوں کی سرگرمیوں پر بھی تنقید کی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ امریکی پابندیوں کے باوجود جرمن کاروباری کمپنیاں ایران میں سرگرم ہیں۔

شام میں زہریلی گیس کے سوال پر انہوں نے بشار الاسد کو پاگل شخص قرار دیتے ہوئے کہا کہ شامی صدر نے بچوں پر زہریلی گیس پھینکی۔ یاد رہے کہ رچرڈ گرینل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے برلن میں متعین اعلیٰ ترین سفارتکار ہیں۔