امریکا، ایران کشیدگی: واشنگٹن نے بحری بیڑے کو مشرق وسطیٰ روانہ کر دیا

Last Updated On 11 May,2019 02:46 pm

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکا اور ایران میں کشیدگی شدت اختیار کر گئی، امریکا نے بحری بیڑے کو مشرق وسطیٰ روانہ کر دیا۔

امریکا اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیشِ نظر امریکی حکام نے فضائی دفاع کے میزائل سسٹم پیٹریاٹ کو اپنے جنگی بحری بیڑے یو ایس ایس آرلنگٹن کے ہمراہ مشرق وسطیٰ کی جانب روانہ کر دیا ہے جو خلیجِ فارس میں پہلے سے تعینات یو ایس ایس ابراہم لنکن سے جا ملے گا۔

پنٹاگون کا کہنا ہے کہ بمبار B-52 طیارے بھی قطر میں امریکی فوجی اڈے پر اُتر گئے ہیں۔ امریکا کا دعویٰ ہے کہ یہ فوجی تعیناتیاں ایران کی جانب سے خطے میں امریکی افواج کو لاحق خطرے کے پیشِ نظر کی جا رہی ہیں۔

ایران نے امریکی دھمکیوں کو احمقانہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ تعیناتیاں نفسیاتی جنگی حربہ ہیں جن کا مقصد ان کے ملک کو دھمکانا ہے۔ ایرانی حکام نے مزید کہا کہ امریکی فوجی بیڑے کو ایک میزائل سے تباہ کیا جا سکتا ہے۔