بھارتی انتخابات، بی جے پی اتحاد نے 350 سے زائد نشستیں حاصل کر لیں

Last Updated On 24 May,2019 12:33 pm

نئی دہلی: (دنیا نیوز) بھارت میں لوک سبھا کے انتخابات میں بی جے پی کے اتحاد نیشنل ڈیموکریٹک الائنس نے 350 سے زائد نشستیں حاصل کر لیں، کانگریس کا اتحاد صرف پچانوے نشستیں جیت سکا۔ کانگریس 1998 کے بعد سے پہلی بار امیٹھی کی اپنی آبائی نشست ہار گئی، وزیراعظم نریندر مودی اور امیت شاہ نے ایل کے ایڈوانی سےملاقات کی ہے۔

بھارت میں لوک سبھا کے انتخابات میں انتہا پسند پارٹی بی جے پی کی فتح، نریندر مودی دوسری بار وزیراعظم کا عہدہ سنبھالنے والے بھارت کے تیسرے سیاستدان بن گئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بی جے پی کے اتحاد نیشنل ڈیموکریٹک الائنس نے 350 سے زائد نشستیں حاصل کی ہیں۔ کانگریس کا اتحاد یونائیٹڈ پروگریسیو الائنس صرف 95 نشستیں جیت سکا۔

کانگریس 1998کے بعد سے پہلی بار امیٹھی کی اپنی آبائی نشست ہار گئی۔ بی جے پی رہنماسمرتی ایرانی نے صدر کانگریس راہول گاندھی کو 49 ہزار ووٹوں سے ہرایا۔

ادھر مقبوضہ وادی میں کشمیریوں نے بھارتی انتخابات کے ڈھونگ کو یکسر مسترد کر دیا۔ جموں کشمیر کے سابق وزیراعلٰی فاروق عبداللہ کامیاب جبکہ پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی سربراہ محبوبہ مفتی کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

 

Advertisement