ملک کو آگے لے جانے کیلئے سیاسی حریفوں کو ساتھ ملائوں گا: نریندر مودی

Last Updated On 24 May,2019 01:20 pm

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے کانگریس پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن میں مقابلہ سیاستدانوں میں نہیں عوام میں ہوتا ہے۔ امیدوار سیکولر ازم کا لبادہ اوڑھ کر لوگوں کو بیوقوف نہیں بنا سکتے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے ملک کا قانون مضبوط ہے۔ اسی قانون کی پیروی کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ مجھ سے غلطیاں سرزد ہوئی ہوں گی لیکن کبھی بدنیتی پر مشتمل عمل نہیں کیا۔ ملک کو مزید آگے لیکر جائوں گا اور یہ وقت ہے آگے دیکھنے کا اور ہمارے سیاسی حریفوں کو ساتھ ملا کر آگے بڑھنے کا۔

الیکشن میں فتح کے بعد دہلی میں حامیوں سے خطاب کرتے ہوئے نریندر مودی کا کہنا تھا کہ پارٹی کی کامیابی پر سب مبارکباد کے مستحق ہیں۔ خاص طور پر ان کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جنہوں نے سخت گرمی میں پارٹی کے نظریے کو ووٹ ڈالا۔

بھارتی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ملکی آزادی کے بعد سے متعدد مرتبہ انتخابات ہوچکے ہیں لیکن اس بار الیکشن میں سخت گرمی کے باوجود سب سے زہادہ ووٹنگ ہوئی۔

ان کا کہنا تھا کہ انتخابات میں پارٹی کی شاندار کارکردگی کے بعد بھارت کے سیاسی پنڈتوں کو اپنی 20وی صدی کی سوچ میں تبدیلی لانے کی ضرورت ہے کیونکہ یہ 21 وی صدی کا بھارت ہے۔
 

Advertisement