امریکا جتنا طاقتور آج ہے پہلے نہیں تھا: امریکی صدر

Last Updated On 05 July,2019 08:13 pm

نیو یارک: (ویب ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکا جتنا طاقتور آج ہے اتنا پہلے کبھی نہیں تھا۔

نیشنل ڈے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے امریکی فوجی کی کامیابیوں کو اجاگر کیا لنکن میموریل کی سیڑھیوں پر بُلٹ پروف شیشے کے پیچھے کھڑے ہو کر ٹرمپ نے خطاب کیا۔

ڈونلڈ ٹرمپ کا مزید کہنا تھا کہ امریکیوں کے لیے کچھ بھی ناممکن نہیں ہے، عوام کی جانب سے فوج کی حمایت پر ان کا شکر گزار ہوں۔ میں اپنی قوم سے وعدہ کرتا ہوں کہ چاند پر ایک مرتبہ پھر مشن کو بھیجیں گے اور وہاں پر امریکی پرچم لہرا کر ثابت کریں گے کہ ہم کسی سے کم نہیں ہیں۔

امریکی مسلح افواج کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انہوں نے ان تین فوجی اہلکاروں کا بطور خاص ذکر کیا جنہیں ان کی خدمات کے اعتراف میں کانگریشنل میڈل آف آنر کا اعزاز دیا گیا ہے۔ انہوں نے امریکی نوجوانوں کو مشورہ دیا کہ وہ فوج میں شامل ہو کر ملک کیلئے خدمات انجام دیں اور یوں اپنی زندگی کو بامقصد بنائیں۔

انہوں نے امریکہ کی عظمت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اب سے 243 سال پہلے ملک کے بانیوں نے ملک کی آزادی کیلئے اپنی زندگیاں وقف کر دیں اور اس طرح امریکہ نے اپنے عظیم سیاسی سفر کا آغاز کیا۔ انہوں نے کہا کہ امریکی لوگ آزادی کو بہت اہمیت دیتے ہیں اور یہ آزادی امریکیوں سے کوئی نہیں چھین سکتا۔

صدر ٹرمپ نے متعدد سابق صدور اور امریکی رہنماؤں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی رہنمائی اور محنت کی وجہ سے آج امریکہ دنیا کا طاقتور ترین ملک ہے۔ انہوں نے اس سلسلے میں غلامی کے خاتمے، تمام لوگوں کیلئے آزادی کی تحریک اور خواتین کو ووٹ کا حق دئے جانے سمیت امریکی تاریخ کے مختلف سنگہائے میل کا ذکر کیا۔ انہوں نے امریکی ایجادات اور سائنسی پیش رفت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اب امریکیوں کیلئے کوئی چیز ناممکن نہیں رہی۔

یہ بھی پڑھیں: زحل کے چاند پر زندگی کے آثار، ناسا کا ڈرون بھیجنے کا فیصلہ

ایک ٹویٹ کے دوران ان کا مزید کہنا تھا کہ قومی دن کے موقع پر شائقین کا جذبہ حیران کن ہے جو حب الوطنی کی عکاسی کر رہا ہے۔

امریکی یوم آزادی کے دن کی مرکزی تقریب کے موقع پر ایف 35 طیاروں سے سمیت جدید امریکی طیاروں نے بھی فلائنگ مارچ پاسٹ میں حصہ لیا جس کو دیکھ شائقین محظوظ ہوتے رہے اور اس دوران شہریوں نے بلند شگاف ’’یو ایس اے یو ایس اے‘‘ کے نعرے لگائے۔

دوسری طرف امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خطاب کے دوران عوام نے صدر کے خلاف احتجاج کیا اور ڈونلڈ ٹرمپ کی شکل کے کارٹون بھی بنائے۔