افغانستان: پرتشدد واقعے میں ایک اور امریکی فوجی مارا گیا

Last Updated On 14 July,2019 03:48 pm

کابل: (ویب ڈیسک) افغانستان میں پرتشدد واقعے کے نتیجے میں ایک اور امریکی فوجی مارا گیا ہے۔

 

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ہفتے کے دن نیٹو فورسز نے ایک امریکی فوجی کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔ تاہم مغربی دفاعی اتحاد نیٹو کی زیر سربراہی ریزولیوٹ سپورٹ مشن نے ہلاک ہونے والے فوجی کی شناخت ظاہر نہیں کی ہے۔

 

دوسری طرف 2019ء کے دوران مختلف کارروائیوں کے دوران افغانستان میں اب تک 10 امریکی فوجی ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ شورش زدہ اس ملک میں نیٹو سمیت امریکی فوجی موجود ہیں جو افغان فوج کو ٹریننگ کیلئے موجود ہیں۔ ایک اندازے کے مطابق ان کی تعداد 20 ہزار کے قریب ہے۔

18 سال طویل جنگ میں 2300 کے قریب امریکی فوجی ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ اس دوران 20 ہزار 400 کے قریب فوجی شدید زخمی ہوئے۔ حالیہ عرصے میں افغانستان میں طالبان کے حملوں میں اضافہ نوٹ کیا جا رہا ہے جبکہ دوسری طرف افغانستان میں قیام امن کی عالمی کوششوں میں بھی تیزی دیکھی جا رہی ہے۔

دوسری طرف افغان صوبے بادغیس کے ہوٹل میں طالبان نے حملہ کر کے 8 سکیورٹی اہلکار کو ہلاک کر دیا۔ خودکش حملہ آوروں کا گروپ مقامی وقت کے مطابق 12 بجکر 40 منٹ پر ہوٹل کے اندر داخل ہوا۔

افغان میڈیا کے مطابق 3 حملہ آوروں میں سے 2 کو سیکیورٹی اہلکاروں نے ہلاک کر دیا۔ 8اہلکارمارے جا چکے ہیں۔ 7 اہلکاروں سمیت کئی شہری بھی زخمی ہوئے، ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ بتایا جا رہا ہے۔

اُدھر افغان فورسز نے صوبے قندوزمیں بڑی کارروائی کی، امام صاحب میں افغان فضائیہ کی مدد سے کئے گئے آپریشن میں 23 طالبان ہلاک مارے گئے۔ اس دوران 35 زخمی بھی ہوئے۔