فرانس میں پارہ 42 ڈگری کو چھو گیا، شہری بلبلا اٹھے

Last Updated On 26 July,2019 01:30 am

پیرس: (دنیا نیوز) فرانس میں پارہ 42 ڈگری سینٹی گریڈ کو چھو گیا، شہری بلبلا اٹھے، جھیلوں اور دریاوں کا رخ کر لیا۔ یورپ میں ایک ماہ کے دوران 'ہیٹ ویو' کی دوسری لہر کے سبب درجہ حرارت میں مزید اضافہ متوقع ہے۔

فرانس سمیت یورپ کے کئی علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں۔ حکام نے فرانس کے شمالی علاقوں کیلئے ریڈ الرٹ جاری کرتے ہوئے لوگوں کو دھوپ میں جانے سے گریز اور ڈی ہائیڈریشن کی صورت میں کپڑوں کو گیلا کرنے کی ہدایت کی ہے جبکہ زیریں علاقوں کیلئے اورنج وارننگ جاری کی ہے۔

یورپ میں گرمی میں غیر معمولی اضافے کے باعث عوام کی اکثریت نے جھیلوں اور دریاؤں کا رخ کیا ہے۔ رپورٹس کے مطابق لندن میں شدید گرمی کے سبب دریائے تھیمز میں نہانے کے دوران لاپتہ ہونے والے 3 افراد کو پولیس تلاش کر رہی ہے جبکہ جرمنی میں بھی گرمی کے باعث تیراکی کے دوران 2 روز میں 3 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

واضح رہے کہ حکام نے یورپ میں ایک ماہ کے دوران ہیٹ ویو کی دوسری لہر کے باعث درجہ حرارت میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ یورپ میں بڑھتی گرمی کے سبب تشویش پیدا ہو گئی ہے کہ انسانی سرگرمیوں کی وجہ سے آلودگی کرہ ارض کا درجہ حرارت خطرناک حد تک بڑھانے کا سبب بن رہی ہے۔