مقبوضہ کشمیر میں مظالم کیخلاف امریکہ، برطانیہ سمیت دنیا بھر میں احتجاج

Last Updated On 11 August,2019 10:17 am

نیویارک: (دنیا نیوز) مقبوضہ وادی میں ظلم و ستم کے خلاف دنیا بھر میں مظاہرین کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے سڑکوں پر نکل آئے۔ امریکا، برطانیہ، نیدرزلینڈ سمیت مختلف ممالک میں احتجاج کرنے والوں نے بھارتی ظلم و بربریت کو فوری طورپر ختم کرنے کا مطالبہ کر دیا۔

مودی نے کشمیریوں کی آواز دبانی چاہی تو ادھر دنیا بھر سے کشمیر کی حمایت میں آواز اٹھنے لگی، واشنگٹن میں کشمیری، پاکستانی اور سکھ کمیونٹی کے ساتھ ساتھ مختلف انسانی حقوق کی تنظیموں کی جانب سے بڑا مظاہرہ ہوا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم اور ہندوستانی حکومت کی کشمیر میں دھونس کے خلاف کھڑے ہیں۔

انڈین جارحیت کے خلاف نیویارک کے مرکزی علاقے   مین ہیٹن   میں ٹائم اسکوائر کے سامنے بھی احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں سیکڑوں لوگوں نے شرکت کی، انھوں نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر بھارت کیخلاف نعرے درج تھے۔ برطانیہ، بنگلہ دیش، فلسطین اور عرب ممالک کے باشندے بھی کشمیریوں کی خاطر سڑکوں پر نکل آئے۔

برطانیہ میں مظاہرین نے اعلان کیا کہ اب بھارت کے یوم آزادی کے دن یوم سیاہ منایا جائے گا، پندرہ اگست کو لندن میں بھارتی ہائی کمیشن کے سامنے بھرپور احتجاج ہوگا، فلپائن، نیدرز لینڈ میں بھی کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا جائے گا۔